سرینگر// جنوبی کشمیر میں بینک لوٹنے کے واقعات میں اضافے کے بعد شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں مختلف بینکوں کی 45 شاخوں پر نقدی کے لین دین کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیوں نے بینک اتھارٹیز کے نام اس ضمن میں ایک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ گذشتہ چھ ماہ کے دوران بینک لوٹنے کے کم از کم 14 واقعات پیش آئے جن میں اسلحہ برداروں کی جانب سے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لی گئی ہے۔ پلوامہ میں 5، کولگام میں 3، اننت ناگ میں 2، شوپیان میں 2، بڈگام میں ایک اور کشتواڑ میں ایک ڈکیتی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ان میں سے 90 فیصدواقعات دن دھاڑے پیش آئے ہیں۔ جموں وکشمیر بینک کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر 30 بینک شاخوں میں نقدی کے لین دین کو نزدیکی علاقوں میں واقع بینک شاخوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا ’دیگر تمام بینکنگ آپریشنز بشمول اے ٹی ایم سروسز اپنی اصل جگہوں پر ہی جاری رکھی گئی ہیں‘۔