مشتاق الاسلام
پلوامہ // ضلع پلوامہ اور شوپیان میں جمعہ کی رات 15 منٹ تک جاری رہنے والے تیز نے سیب باغات میں تباہی مچا دی، جس سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا۔ آری ہل پلوامہ اور چیڈرن شوپیان میں تیز ہوا نے کئی سیب درختوں کو جڑ سے اکھاڑ کر زمین پر پھینک دیا، جس سے باغات کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔شدید ہوائوں کے باعث ہائی ڈینسٹی باغات، جو زیادہ فائدہ مند سمجھے جاتے ہیں، سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ باغ مالکان کے مطابق ان کی محنت اور سرمایہ پانی میں بہہ گیا ہے، جس سے ان کی معاشی حالت پر گہرا اثر پڑا ہے۔ باغات میں لگے سیب درختوں کا بڑی تعداد میں اکھڑ جانا اور پھلوں کا گرج جانا مالکان کے لیے کسی سانحہ سے کم نہیں۔ محکمہ باغبانی کی طرف سے ابھی تک اس نقصان کا تخمینہ نہیں لگایا جا سکا، لیکن مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ نقصانات نہ صرف ان کی روزگار کو متاثر کریں گے بلکہ سیب کی فصل کی قلت کے سبب مارکیٹ میں قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔ کسانوں نے حکومت سے فوری امداد کی درخواست کی ہے تاکہ وہ اپنے باغات کی بحالی کی کوششوں میں مدد حاصل کر سکیں۔