سرینگر// جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور پانپور کے علاوہ شمالی کشمیر کے اہم قصبوں بارہمولہ،سوپور اور حاجن میں جان بحق جنگجوئوں کی یاد میں تعزیتی ہڑتال رہی،جس دوران تمام کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز بند رہے۔پلوامہ،سوپور اور حاجن میں سنگبازی کے واقعات رونما ہوئیپانپور کے سانبورہ علاقے میں گزشتہ روز شبانہ معرکہ آرائی میں جنگجوہلاکت پر قصبہ سمیت کئی علاقوں میں تعزیتی ہڑتال رہی۔ہڑتال کی وجہ سے قصبہ پانپور اور پلوامہ کے دیگر علاقوں میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا ۔نامہ نگار شوکت ڈار کے مطابق پلوامہ میں اُس وقت صورتحال دگر گوں ہوئی جب فوج کی ایک گشتی پارٹی پر مشتعل نوجوانوں نے پتھرائو کیا ۔مشتعل نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کیلئے فو ج نے ہوا میں گولیوں کے کئی رائونڈ چلائے جسکی وجہ سے قصبہ میں افرا تفری مچ گئی ۔اس دوران پولیس وفورسز اہلکار وہاں پر پہنچے جنہوں نے صورتحال کو کنٹرول میں کرنے کے لئے مشتعل نوجوانوں کا تعاقب کیا ۔ نوجوانوں نے ان پر بھی پتھرائو کیا ،جوابی کارروائی میں فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کی ۔پلوامہ میں سوموار کے روز ڈگری کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ معمول کی سر گرمیاں متاثر ہو کر رہ گئیں ۔ادھر پانپور میں بھی ہڑتال کی گئی ،جس دوران یہاں دکانیں اور کارو باری ادارے بند رہے ۔ ادھرنامہ نگار ملک عبدالسلام کے مطابق اننت ناگ میں کئی دنوں تک ہڑتال کے بعد صورتحال معمول پر آگئی،جس دوران بازار اور دکانیں کھل گئیں۔ غلام محمد کے مطابقسوپور کے امرگڑھ علاقے میںسنیچر کو3 مقامی جنگجوئوں کے جاں بحق کے نتیجے میں کئی علاقوں میں تیسرے روز بھی ہڑتال رہی۔ بارہمولہ، سوپور، سنگرامہ، حاجن نائید کھئے اور گردونواح کے بیشترعلاقہ جات میں دکانیں ، تجارتی مراکز، اسکول اور دفاتر وغیرہ مکمل طوربند رہے جبکہ گاڑیاں سڑکوں سے غائب رہنے کی وجہ سے بازار ویران اورسڑکیں سنسان پڑی رہیں، البتہ بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت جاری رہی ۔ قصبہ کے گردو نواح بشمول مین چوک،بٹہ پورہ کراسنگ اور مین بازار میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے بندشیں عائد کی تھی۔ پیر کی صبح کو مین چوک،شاہ درگاہ چوک،اقبال مارکیٹ اور جنرل بس اسٹینڈ کے نزدیک نوجوان نمودار ہوئے اور انہوں نے مسافربردار و نجی گاڑیوں پر پتھرئاو کیا،جس کے دوران درجنوں گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے۔ نامہ نگار الطاف بابا کے مطابق بارہمولہ قصبہ میں تیسرے روز مسلسل ہڑتال کے دوران انتظامیہ نے2بڑے تعلیمی اداروں میں پیر کو درس و تدریس کی سرگرمیوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس دوران حاجن بانڈی پورہ میں تیسرے روز بھی امرگڑھ سوپور میں ہوئے جان بحق عابد نذیر کے سوگ میں مکمل طور پر ہڑتال رہی۔نامہ نگارعازم جان کے مطابق دفتروں میں حاضری بہت کم رہی ہے ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہی ۔ معمولی نوعیت کے پتھر بازی بھی ہوئی البتہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔