پلس2لیکچرروں کی 575خالی اسامیاں پُر کرنے کو منظوری

Mir Ajaz
2 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے عزم کے مطابق، صحت اور طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ مسعود نے 575 خالی اسامیوں کو بھرتی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن میں براہ راست کوٹے کے تحت 10+2 لیکچررزکی اسامیوں کو مشتہر کرنے کی تجویز کو منظوری دی۔ کئی سالوں سے خالی پڑی یہ اسامیاں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر بھرتی کے لیے بھیجی گئی ہیں تاکہ اعلی ثانوی اداروں کے لئے قابل تدریسی عملے کی اہم ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔اس قابل ذکر پیش رفت پر بات کرتے ہوئے سکینہ مسعود نے کہا کہ ہماری حکومت عوام بالخصوص پڑھے لکھے نوجوانوں سے کیے گئے وعدوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے قیام کے15دنوں کے اندر ہم نے پڑھے لکھے نوجوانوں کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان اسامیوں پر بھرتی کا عمل جلد شروع ہو جائے گا اور ریکروٹنگ ایجنسی کو اس عمل کو وقت کے اندر مکمل کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ دیگر محکموں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ دونوں خالی اسامیوں کی تعداد کو یکجا کریں تاکہ انہیں جلد از جلد پر کرنے کے لیے ریکروٹنگ ایجنسیوں کو بھیجا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرنسپلز، انچارج لیکچررز، اساتذہ، ماسٹرز اور دیگر عملے کی بروقت پروموشن جیسے دیگر مسائل پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کے کیریئر میں ترقی کے لیے ڈی پی سی کے بروقت انعقاد کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔

Share This Article