عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//کریسنٹ پبلک اسکول بدھل میں ایک اہم آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 33 راشٹریہ رائفلز کے کیپٹن جے ایس کالا نے ’پلاسٹک کے مضر اثرات‘ کے موضوع پر طلباء سے خطاب کیا۔اس پروگرام کا مقصد طلباء کو پلاسٹک کی بڑھتی ہوئی آلودگی اور اس کے ماحول، جنگلی حیات اور انسانی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کرنا تھا۔کیپٹن کالا نے طلباء اور اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنگل یوز پلاسٹک ہماری زمین کے لئے سب سے بڑا خطرہ بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ’ایکو وارئیرز‘ بنیں اور روزمرہ زندگی میں ماحول دوست متبادل استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ ’ہر فرد کے چھوٹے چھوٹے اقدامات ہمارے سیارے کے لئے بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں‘۔پرنسپل تنویر احمد نے کیپٹن کالا اور راشٹریہ رائفلز بٹالین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت میں اپنا اہم کردار ادا کررہی ہے بلکہ معاشرتی ذمہ داری اور ماحولیاتی آگاہی میں بھی نوجوانوں کو رہنمائی فراہم کررہی ہے۔اس موقع پر طلباء نے بھرپور شرکت کی اور ایک عہد کیا کہ وہ گھر اور اسکول میں پلاسٹک کے استعمال کو کم کریں گے۔ پروگرام کا اختتام شکریہ کی پیشکش اور آرمی آفیسر کے ساتھ گروپ فوٹو پر ہوا۔