عشرت حسین بٹ
منڈی// پونچھ ضلع کی تحصیل منڈی کے سیکلو علاقہ میں سرکار کی جانب سے تعمیر کی جانے والی محکمہ پشو پالن کی عمارت پر مقامی لوگوں نے سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمارت کی تعمیر میں غیر معیاری ساز و سامان استعمال کیاجارہا ہے جو آنے والے پانچ برس کے بعد زمین بوس ہو سکتی ہے ۔علاقہ سے تعلق رکھنے والے سریندر سنگھ اور چوہدری محمد اشرف نامی اشخاص نے اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا پتہ نہیں ہے کہ کونسا ٹھیکیدار اس عمارت کی تعمیر کروا رہا ہے لیکن اس عمارت کی تعمیر میں جو میٹریل لگایا جا رہا ہے وہ بالکل غیر معیاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کا استعمال بالکل نہ کے برابر کیا جا رہا ہے اور محض پتھروں کی ہی دیواریں چڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ازخود آکر اس عمارت کی تعمیر کا معائینہ کریں اور دیکھیں کہ اس عمارت کی تعمیر میں کس طرح کا میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر گز اس طرح کی عمارت کو تعمیر نہیں کرنے دیں گے جس میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے۔