سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے پشاور حملے کو انتہائی المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی دہشت گردانہ کارروائی پوری انسانیت کیلئے بالعموم اور پاکستانی عوام اور ان کے لواحقین کیلئے بالخصوص انتہائی رنج دہ ہے۔ایک بیان میں گیلانی نے کہا کہ اس دلخراش واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں مدرسہ کے بچوں کو دہشت گردی کے واقعہ میں قتل کرنا بربریت کا کھلا مظاہرہ ہے۔بزرگ مزاحمتی رہنما نے کہا ’’ اس انسانیت سوز اور دل دہلا دینے والے واقعہ سے ہمارے دل چھلنی ہورہے ہیں اور ہمارے دلوں پر جو زخم لگا ہے اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس درندگی میں جو لوگ بھی ملوث ہیں وہ کسی بھی طور انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں کجا کہ وہ اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہوں اور ان کو عبرتناک ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے کسی بھی معصوم اور بے گناہ کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل اور کسی معصوم انسان کی جان بچانے کو پوری انسایت کی حفاظت قرار دیا ہے، لہٰذا اس قتل عام میں جو لوگ بھی ملوث ہیں وہ اسلام تو کیا انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ایسے واقعات پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے انجام دئے جاتے ہیں اور ان میں ملوث لوگ کبھی بھی اور کسی بھی صورت میں پاکستان کے خیرخواہ اور ہمدرد نہیں ہوسکتے ہیں اور یہ لوگ صرف اور صرف دشمن کے خاکوں میں رنگ بھررہے ہیں‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا ’’ہم پاکستان کے 20کروڑ لوگوں اور معصوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ان معصوم بچوں کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں کہ اﷲ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں جگہ دے‘‘۔