بانہال // صوبہ جموں کے باقی علاقوں کی طرف بانہال – رام بن سیکٹر میں منگل کی رات سے ہورہی بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر پنتھیال اور بلی نالہ ادہمپور کے نزدیک پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کئی گھنٹوں تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی جبکہ ادہمپور کے مقام شاہراہ کو بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ شاہراہ پر جموں سے وادی کشمیر کی طرف معمول کے ٹریفک میں مال بردار گاڑیوں کو یکطرفہ طور چلنے کی اجازت تھی جبکہ چھوٹی مسافر گاڑیوں کو دو طرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی ۔بارشوں کی وجہ سے پنتھیال کے مقام شاہراہ پر پتھروں اور ملبے کے گرانے کی وجہ سے گاڑیوں کی امدورفت صبح گیارہ بجے سے دوپہر دو بجے تک بند رہی اور بعد میں پسیوں کو صاف کرکے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا گیا تاہم دوپہر دو بجے بعد ادہمپور کے بلی نالہ علاقے میں گر آئے ایک بھاری بھرکم پتھر کی وجہ سے ٹریفک دوبارہ متاثر ہوا ہے اوراس پتھر کو بدھ کی شام تک بلاسٹنگ کرکے شاہراہ کو بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی اور شام تک ٹریفک کو بحال کرنے کی امید ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے سنجے بھگت نے کشمیر عطمی کو بتایا کہ پنتھیال کی پسی کو صاف کرکے شاہراہ کو تین بجے کے قریب آمدورفت کے قابل بنایا گیا ہے تاہم ادہمپور کے نزدیک بلی نالہ کے مقام شاہراہ پر ایک بھاری پتھر سڑک پر گر آیا ہے اور اس پتھر کو بلاسٹنگ اور راک بریکر مشینوں کی مدد سے سڑک سے ہٹانے کا عمل جاری اور اس مقام پر ٹریفک کو بدھ کی شام تک بحال کئے جانے کی امید ہے ۔