سرینگر//پی ڈی پی سینئرلیڈر و ممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ نے مرکزی حکومت کی جانب سے پسماندہ طبقوں کیلئے جائزہ کمیشن تشکیل دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومت اس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات اٹھائیگی ۔ حکومت ہند کی جانب سے پسماندہ طبقوں کیلئے جائزہ کمیشن قائم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے پی ڈی پی سینئر لیڈر و ممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ نے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلے پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے ناگزیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی مشکلات و مسائل کا جائزہ لینے کے بعد ہی ان کا ازالہ ممکن ہوسکے گا اور اس حوالے سے جائزہ کمیشن تشکیل دینا خوش آئند قدم ہے ۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود اور مذکورہ کمیشن کے حوالے سے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے جموںوکشمیر کے او بی سی طبقے کے زمرے میں آنے والے لوگوں کو کافی فائدے حاصل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ائو بی سی طبقے کے زمرے میں آنے والے افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق سفارشات ریاستی حکومت کے سامنے بھی زیر التواء ہے اور امید ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ نتیجہ خیز اقدامات اٹھاکر حل کیا جائیگا ۔ یاد رہے کہ حال ہی میں مرکزی کابینہ نے پسماندہ طبقوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک علیحدہ کمیشن تشکیل دینے کے منصوبے کو منظوری دی ۔ مذکورہ کمیشن 12 ہفتوں میں اپنی رپورٹ سرکار کو پیش کرے گی۔