سرینگر//شیخ کالونی مخدوم صاحبؒ میں ایک طبی کیمپ منعقد کیاگیا جس میں سینکڑوں افراد کو مفت علاج و معالجہ کی سہولیات میسر رکھی گئیں۔ یہ کیمپ نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر(ایم ایل اے خانیار) نے سی ایم او سرینگر کے اشتراک سے منعقد کرایا۔ کیمپ میں جواہر لعل نہرو میموریل ہسپتال رعناواری اور غوثیہ ہسپتال خانیار کے ڈاکٹر صاحبان نے شرکت کی ۔ میڈیکل کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے سینکڑوں لوگوں کا معائینہ کیا اور ان کا علاج و معالجہ کرنے کے علاوہ انہیں مفید مشورے بھی دیئے گئے۔ کیمپ کا معائینہ کرنے کے دوران علی محمد ساگر نے کہا کہ سماج کے پسماندہ طبقوں کیلئے صحت کی دیکھ بال کے لئے کم ذرائع ہوتے ہیں اور ایسے لوگوں کیلئے اس طرح کے میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میڈیکل کیمپوں کے انعقاد سے ایسے لوگوں کو بھی علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہوتی ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر اپنا چک اَپ نہیں کروا پاتے ہیں ۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ کیمپ کامیاب رہا اور اس میںیہ بات سامنے آئی کہ علاقے کے بہت سے لوگ سینے کے امراض میں مبتلا ہیں اور بچوں میں کمزوری خصوصاًخون کی کمی کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔ میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں شریک ڈاکٹر اور دیگر نیم طبی عملہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ساگر نے کہاکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بلا لحاظ رنگ، نسل اور ذات ہر ایک شہری کو برابر شہری حقوق فراہم کئے جائیں اور اعلیٰ طبی سہولیات میسر رکھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے شیخ کالونی، تجگرہ محلہ، نوہٹہ اور دیگر علاقہ کا بھی دورہ کیا اور مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ ان علاقوں میں ڈرینج سسٹم کیلئے بھی تخمینہ لگایا گیا۔