ترال//پولیس اورحفاظتی فورسز نے پستونہ ترال میں جنگجوئوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرنے کادعویٰ کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ فوج کی42آرآر ،سی آر پی ایف اورپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے منگلوار اور بدھ کی درمیانی رات کوجنگل میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد جنگلات کے ایک مخصوص حصے کو سیل کیااور بدھ کی صبح یہاں تلاشی کارروائی شروع کی۔پولیس کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران جنگل میں ایک زیرزمین کمین گاہ کا پتہ چلااوراس کو تباہ کردیاگیا۔ایس ڈی پی او ترال ڈاکٹر اعجازملک نے بتایاکہ یہ کمین گاہ پانچ اور سات فٹ لمبی تھی ۔انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ یہ کمین گاہ حذب جنگجوئوں کی تھی جس کو وہ استعمال کررہے تھے۔فورسزنے تلاشی کارروائی کے دوران کمین گاہ سے بستر،اور کھانے پینے کی اشیاء ضبط کرکے کمین گاہ کو تباہ کیا۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیرنمبر14درج کرکے مزید کارروائی شروع کی ہے۔