جموں//پریڈ کالج برائے خواتین کی طالبات کی طرف سے احتجاج کئے جانے کے بعد محکمہ تعلیم نے کالج پرنسپل کو ہٹا دیا تھا جس کے خلاف جمعہ کے روز بھی کالج ٹیچر ایسو سی ایشن کی کال پر صوبہ جموں کے بیشتر کالجوں میں درس و تدریس کا کام معطل رہا۔ پرنسپل موصوفہ پروفیسر انیتا سود پر پریڈ کالج کی طالبات نے ڈریس کوڈ نافذ کرنے اور بے جا پابندیاں عائد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مسلسل دودن تک احتجاج کیا تھا جسے بی جے پی کی طلباءاکائی اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کی بھی حمایت حاصل تھی۔ کالج ٹیچر ز ایسو سی ایشن کی طرف سے کی گئی قلم چھوڑ ہڑتال کے چلتے طلاب اور اساتذہ آمنے سامنے آ گئے ہیں ، اساتذہ کا کہنا ہے کہ کالج پرنسپل کو تحقیقات کئے جانے سے قبل ہی قصور وار قرار دے کر اٹیچ کر دیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سینئر پرنسپل کو بے بنیاد الزامات کی بنا پر نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اور اس معاملہ پر سیاست کی جا رہی ہے ۔ کالج ٹیچر ایسو سی ایشن کی جانب سے وومن کالج گاندھی نگر میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں شریک موجودہ و سابق پرنسپلوں نے حکومت کے اس فیصلہ اور اساتذہ کے تئیں رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے یکطرفہ فیصلہ قرار دیا ۔ ایسو سی ایشن کے صدر ڈی ایس منہا س کا کہنا تھا کہ حکومت کے فیصلہ سے اساتذہ کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ، پروفیسر انیتا قصور وار نہیں پائی گئی ہیں لیکن انہیں اپنا موقف رکھنے سے قبل ہی ہٹا دیا گیا۔ سرکاری اقدام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اقدام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرحکومت کوکوئی کارروائی کرنی ہی تھی توانہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ تبدیل کیاجاتالیکن خاص طورپراس ملازم جس کی آئندہ پانچ ماہ بعدسبکدوشی ہے کواٹیچ کرنااس کی تضحیک ہے ۔ایسوسی ایشن نے معینہ مدت کے اندر غیرجانبدرانہ تحقیقات کرانے پرزوردیتے ہوئے کہاکہ جومعاملے میں قصوروار پایاجاتا ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مانگ کی کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتی تب تک کالج پرنسپل انیتاسودن کو واپس کالج میں لایا یاان کو باوقار عہدے پربحال کیاجائے۔کالج ٹیچرس ایسوسی ایشن نے مزیدمانگ کی کہ مستقبل میں اگرکوئی الزام کسی کالج ٹیچر یاپرنسپل پرلگایاجاتاہے تواس پرکارروائی سے قبل شفاف تحقیقات ہونی چاہیئے۔کالج ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈی ایس منہاس نے صوبہ جموں کے کالج اساتذہ کاکام چھوڑہڑتال کرکے حمایت دینے کےلئے شکریہ اداکیا۔ذرائع کے مطابق صوبہ جموں کے لگ بھگ تمام کالجوں میں اساتذہ نے پریڈکالج کی پرنسپل کی حمایت اور کالج اساتذہ کے وقارکی بحالی کی خاطرکام چھوڑہڑتال کی ۔قابل ذکرہے کہ پرنسپل گورنمنٹ وومن کالج پریڈ کو کالج طالبات کی جانب سے پرنسپل پر ڈریس کوڈ اوردیگر غیرضروری پابندیاں لگانے کاالزام لگاتے ہوئے جموں شہرمیں کئے گئے مظاہروں کے بعد عہدے سے ہٹاکر ڈائریکٹور یٹ ہائرایجوکیشن دفترمیں اٹیچ کردیاہے۔اگرچہ پرنسپل نے تمام الزامات کوبے بنیادقراردیتے ہوئے کہاکہ ڈریس کورڈ اوروقت کی پابندی کافیصلہ کچھ طالبات کے والدین کی سفارشات کے بعد اورگذشتہ کچھ مہینوں کے دوران چارطالبات کے لاپتہ ہونے جن میں سے ایک کوالہ آبادسے بازیاب کیاتھاکے واقعات کے پیش نظر لیاگیاتھا۔