پرینکا گاندھی وائناڈ سیٹ سے الیکشن لڑیں گی،23اکتوبر کو کاغذات نامزدگی داخل کریں گی

Towseef
2 Min Read

عظمیٰ نیوز ڈیسک

نئی دہلی//کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے انتخاب لڑنے جا رہی ہیں، جو ان کے بھائی اور کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی ہے۔ پرینکا گاندھی اپنے کاغذات نامزدگی 23اکتوبر کو جمع کریں گی، جس دوران راہل گاندھی بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گے۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے پہلے پرینکا گاندھی ایک روڈ شو کا انعقاد بھی کریں گی۔ خیال رہے کہ جھارکھنڈ اور مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ 14ریاستوں کی 48 اسمبلی سیٹوں اور دو ریاستوں کی 2لوک سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونے والی وائناڈ لوک سبھا سیٹ بھی شامل ہے۔کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 13نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں وائناڈ سیٹ سے انتخاب لڑیں گی۔ انتخابی نتائج کا اعلان 23نومبر کو کیا جائے گا۔ یہ پہلی بار ہوگا جب پرینکا گاندھی کسی انتخاب میں حصہ لیں گی۔پرینکا گاندھی نے 2019میں عملی سیاست میں قدم رکھا تھا اور اس وقت انہیں وارانسی سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ممکنہ چیلنج کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ انہیں رائے بریلی کی خاندانی سیٹ پر کانگریس کی سینیئر رہنما سونیا گاندھی کی جانشین کے طور پر بھی دیکھا جا رہا تھا، لیکن اب کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ وائناڈ سے انتخاب لڑیں گی۔

Share This Article