سرینگر//پریس کونسل آف انڈیا ( پی سی آئی)پہلی مرتبہ9 اکتوبر2017 ء کو سرینگر میں فُل کونسل میٹنگ کا انعقاد کر رہا ہے۔پی سی آئی کا ایک ڈیلی گیشن چیئرمین جسٹس(ریٹائرڈ) سی کے پرساد کی قیادت میں سالانہ کونسل میٹنگ کے لئے8 اکتوبر کو سرینگر پہنچ رہا ہے۔پی سی آئی کے جو ارکان میٹنگ کے لئے سرینگر پہنچ رہے ہیں اُن میں ایس این سنہا( پریذیڈنٹ انڈین جرنلسٹس یونین)، پرکاش دوبے (گرؤپ ایڈیٹر دینک بھاسکر) پربھات کمار، اپوروا کمار، بپن نیوار، راجیو رنجن ناگ، کے ڈی چنڈولہ، ڈاکٹر سمن گپتا، ڈاکٹر کے سری نواس راؤ، سی کے نائیک، پرجانند چودھری، سون دیپ شنکر، کرشنا پرساد، کے امر ناتھ اور گوریندر سنگھ شامل ہیں۔ڈیلی گیشن میں وبھا بارگوا، سیکرٹری پی سی آئی، پونم سبل ڈپٹی سیکرٹری پی سی آئی اور دیگر متعلقین بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ 3 ارکان پر مشتمل پی سی آئی سب کمیٹی نے ایس این سنہا کی قیادت میں اس سے پہلے کشمیر، جموں اور لداخ کا دورہ کر کے ریاست میں ذرائع ابلاغ کو درپیش مختلف معاملات کا جائیزہ لیا تھا۔پی سی آئی سب کمیٹی کے تینوں خطوں کے مفصل دورے کے دوران تمام متعلقین کے ساتھ وسیع تر تبادلہ خیال کے بعد پی سی آئی کا مکمل کونسل اب سالانہ میٹنگ کا انعقاد سرینگر میں کررہا ہے۔ اس دوران ذرائع ابلاغ سے جڑے معاملات کو زیر بحث لایا جائے گا۔یہ اس سال کے آخر میں نئی کونسل تشکیل دینے سے پہلے موجودہ پریس کونسل کی آخری فُل کونسل میٹنگ ہوگی۔