سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ملک کے معروف میڈیا اداروں سے تلقین کی ہے کہ وہ ریاست کی اصل صورتحال کو سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ریاست کے دورے پر آئی ہوئی پریس کونسل آف انڈیا کی ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے میڈیا کا ایک حصہ اپنے پروگراموں ، مذاکروں اور بحث و مباحث میں ریاست سے متعلق حقیقت سے بعید خبریں سامنے لاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کو یہ بات یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ ریاست سے متعلق اس طرح کا منفی پروپیگنڈا کر کے وہ ملک کی کوئی خدمت نہیں کرتے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے پی سی آئی وفد کو بتایا کہ ریاست کے صحافیوں نے پیشہ وارانہ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے مشکل ترین اوقات میں بھی اپنے فرائض احسن طریقے پر انجام دئیے ہیں اور اُن کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا قومی سطح پر موازنا کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے کئی صحافیوں نے اپنی جانیں بھی گنوائیں تا ہم پیشہ وارانہ اقدار کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔پریس کونسل آف انڈیا ٹیم کی سربراہی ایس این سنہا کر رہے ہیں جبکہ اس ٹیم میں سی کے نائیک اور ڈاکٹر سُمن گپتا بھی شامل ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے دورے پر آئی ہوئی ٹیم سے کہا کہ لوگوں کے زخموں پر مرہم لگانے اور مشترکہ اقدار پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی خاصی ضرورت ہے اور اس ضمن میں میڈیا کا ایک اہم رول بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے ریاست اور یہاں کے لوگوں کے بارے میں مثبت رپورٹنگ سے نہ صرف یہاں کے مقامی لوگوں کے اذہان کو راحت ملے گی بلکہ اس سے ملک کی عوام بھی جموں کشمیر کو بہتر انداز میں سمجھ سکے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے پریس کونسل آف انڈیا کو ریاست میں اپنی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں تقریب منعقد کرنے کی دعوت دی ۔ انہوں نے وفد کے ممبران سے تلقین کی کہ وہ اپنے اداروں کے ذریعے ریاست جموں و کشمیر کے بارے میں پیدا کئے گئے منفی تاثر کو مٹانے میں اپنا رول ادا کریں ۔محبوبہ مفتی نے وفد کے ممبران کو ریاستی صحافتی برادری کی بہبود کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں ایوانِ صحافت کے قیام کیلئے عمارت کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی حکومت صحافیوں کیلئے ایک جامع فلاحی پالیسی پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے صحافیوں کے تمام مسائل کا ازالہ کیا جائے گا ۔پی سی آئی کے وفد نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ یہ ادارہ حکومت اور میڈیا کے درمیان رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پیش پیش رہے گا ۔ اس موقعہ پر ناظمِ اطلاعات منیرالا سلام بھی موجود تھے ۔