سرینگر//خوراک ، سول سپلائزوامور صارفین اور اطلاعات و رابطہ عامہ کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اس حوالے سے وزیر موصوف نے پہلے میڈیا کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں جدید طرز کانفرنس سینٹر اور میٹنگ ہال کا معائینہ کیا جہاں ویڈیو کانفرنسنگ دیگر طرح کی سہولیات دستیاب ہو ں گی۔وزیرنے محکمہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ میڈیاکمپلیکس کے گرد و نواح کی جاذبیت میں اضافہ کریں اور اسے مزید خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ کانفرنس سینٹر کو دیگر محکموں کو کرایہ پر دیا جانا چاہئے تاکہ آمدن بڑھائی جاسکے۔وزیرنے بعد میں پولو وویو میں کمپلیکس پر ہو رہے تجدیدی کام کا بھی معائینہ کیا ۔ اس کمپلیکس کو پریس کلب میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ا س کمپلیکس کو جدید خطوط پر استوار کیاجانا چاہئے۔وزیرنے کہا کہ عمارت کی اوپری منزل کو دورہ کرنے والے صحافیوں کے لئے گیسٹ ہاوس میں تبد یل کیا جانا چاہئے جبکہ نچلی منزل میں ایک ریسٹورنٹ بھی قائم کیا جانا چاہئے تاکہ صحافتی برادری کو کسی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے کہا کہ ایڈیٹرس گلڈ کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی تاکہ پریس کلب کو جدید خطوط پراستوارکرنے کے حوالے سے ان کی تجاویز اور آرءطلب کی جاسکیں۔انہوںنے کہا کہ پریس کلب کی ایک عبوری باڈی تشکیل دی جائے گی جو اپنی تجاویز پیش کریں گی۔انہوںنے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ تجدید ی کام 15جون تک مکمل کریں۔وزیرنے بعدمیں محکمہ کے آر آر سیکشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اخباروں کے ریکارڈ کو محفوظ کرنے کے کام میں تساہل پسندی برتنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ریکارڈ کو ڈیجیٹل سطح پر تحفظ دینے کے لئے ماہرین کو شامل کیا جانا چاہئے۔ا س موقعہ پر انہیں جانکاری دی گئی کہ سینکڑوں کی تعداد میں ہر سال تحقیق داں مطالبہ کرنے کی غرض سے اس سیکشن کا استعمال کرتے ہیںاور ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنے سے پہلے انہیں اپنے اپنے اداروں کے اجازت نامے حاصل کرنے پڑتے ہیں۔وزیر نے کہا کہ ڈی آئی پی آر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفیسر کو آر آر سیکشن کا چارج دیاجانا چاہئے۔انہوںنے کہا کہ محکمہ کو ایک لائبریری اورریسرچ سینٹر قائم کرنا چاہئے جہاں اس پورے خزانے کو محفوظ رکھا جاسکے۔وزیرنے بعدمیں ڈی آئی پی آر کے صوبائی دفترکا بھی دورہ کیا جہاں انہیں مختلف اخباروں اور جریدوں کو جاری کئے گئے اشتہارات کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی گئی۔دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ انتظامی سیکرٹری محکمہ اطلاعات ایم ایچ ملک ، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات عبدالمجید زرگر، ڈپٹی دائریکٹر (پی آر) شیخ ظہو ر الحق اور محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی تھے۔