سرینگر//وادی کے مختلف ہسپتالوں میں کام کرنے والے ہاسپٹل ڈیولپمنٹ فنڈملازمین( ایچ ڈی ایف )نے سنیچر کوپریس کالونی میں احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ احتجاجی ایچ ڈی ایف ملازمین سروس باقاعدہ اور تنخواہوں میں اضافے کی مانگ کررہے تھے۔ سرینگر کے مختلف اسپتالوں میں کام کرنے والے ایچ ڈی ایف ملازمین کاکہنا ہے کہ وہ پچھلے 15برسوں سے اسپتال میں بطور ہاسپٹل ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت کام کررہے ہیں مگر ہمیں تعینات کرنے والے مختلف پی ڈی پی ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ نے تعینات کیا ۔احتجاجی ملازمین نے مستقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نوکری حاصل کرنے کی مقررہ عمر کی حد کو پار کررہے ہیں مگر اسپتالوں میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے میں ایچ ڈی ایف ملازمین کو کوئی بھی ترجیح نہیں دی جارہی ہے۔ ملازمین کاکہنا ہے کہ مختلف سیا سی جماعتوں کی طرف سے یقین دہانیوں کے بائوجود بھی انہیں مستقل نہیں کیا جارہا ہے اور ان کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دن رات محنت کرنے کے بائوجود بھی قلیل تنخواہیں دی جارہی ہیں جبکہ خاکروب سے فیزیوتھرپسٹ تک تمام لوگ جوکام کررہے ہیں، ایچ ڈی ایف کے تحت کام کررہے ہیں۔ احتجاجی ملازمین نے کہا کہ دن رات اسپتال میں خون پسینہ بہانے والے ایچ ڈی ایف ملازمین کی تنخواہیں 500 روپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے این ایل ایم رعناواری میں 36اسامیوں کو مشتہر کیا گیا مگر ہم سے کہا گیا کہ یہ اسامیاں ایس ایس آر بی کے ذریعہ پُر کی جائیں گی اور ہمیں کوئی بھی ترجیح نہیں دی جاتی جو ہمارے ساتھ سارا سر نانصافی ہے۔ایک ملازم نثار احمد نے کہا کہ سرکار نے ہم سے جووعدے کئے ہیں ، ان کو پورا کیا جائے ۔ نثار احمد نے کہا کہ ’ہم نوکری کیلئے عمر کی اوپری حد پار کرچکے ہیں اور اسلئے کسی بھی نوکری کیلئے فارم جمع نہیں کرسکتے کیونکہ ہم اسپتالوںمیں پچھلے 15سال سے کام کررہے ہیں‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرکار سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ہمارے اہلخانہ کو فاقہ کشی سے بچانے کیلئے ہماری نوکریوں کو مستقل کیا جائے۔