سرینگر//پریس کالونی سرینگر کے متصل تعمیر ہورہی کار پارکنگ سے اُٹھ رہی گرد و غبار سے عام لوگوں اور دکاندروں کے ساتھ ساتھ صحافیوںکو بھی زبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ متعلقہ ٹھیکیدار کو بار بار مطلع کرنے کے باوجود بھی وہ گرد و غبار کو کم کرنے کیلئے قدم نہیں اٹھا رہاہے۔پریس کالونی کے متصل گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے تعمیر کی جارہی جگہ پر کافی مقدار میں مٹی کا استعمال کیا جارہا اوراس سے اُٹھ رہی گرد و غبار صحافیوں، دکانداروں اور راہگیروں کے لئے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔ صحافیوں کا کہنا ہے کہ چونکہ کارپارکنگ کے لئے مخصوص جگہ پر مٹی بچھائی جارہی ہے اور اس قدر گرد و غبار اٹھتی ہے کہ پوری پریس کالونی کے کواٹر، دکانات اور مکانات کے چھتوں کے ساتھ گلی کوچوں اور سڑکوں پر ایک تہہ سی جمی ہوئی ہے جبکہ یہاں سے اُٹھ رہی گرد و غبار سے کئی افراد چھاتی اور دیگر امراض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ دُکانداروں کا الزام ہے کہ پارکنگ کی تعمیر کے دوران اٹھ رہی گردو غبار دکانوں میں موجود مختلف اشیاء بالخصوص ملبوسات پرلگ جاتی ہے جس کی وجہ سے گراہک خریدنے سے قاصر ہیں۔صحافیوں ، دکانداروں اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ اُنہوں نے مذکورہ کارپارکنگ کے ٹھیکیدار کو اس بارے میں مطلع کیا تاہم مذکورہ ٹھیکیدار نے گردوغبار کو کم کرنے کیلئے ابھی تک کوئی قدم نہیں اُٹھایا۔ اُن کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کو چا ہیے تھا کہ کم از کم مٹی پر پانی کا چھڑکاو کراے تاکہ کسی حد تک گرد و غبار پر قابو پایا جاسکے۔(سی این ایس)