یو این آئی
لکھنو// اتر پردیش کے پریاگ راج میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں بولیرو اور بس کے درمیان شدید ٹکر ہوئی۔ اس حادثے میں 10یاتریوں کی موت ہوگئی جبکہ 19افراد زخمی ہوئے ۔ یہ حادثہ پریاگ راج-مرزا پور ہائی وے پر میجا علاقے میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق، مرنے والے تمام افراد چھتیس گڑھ کے کوربا ضلع سے آئے تھے اور پریاگ راج کے مقدس سنگم میں اشنان کرنے کے بعد بولیرو میں واپس جا رہے تھے۔ حادثہ رات تقریبا 2 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار بولیرو مخالف سمت سے آ رہی بس سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بولیرو کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور گاڑی پچک کر رہ گئی۔حادثے کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی۔ مقامی لوگوں اور راہگیروں نے فورا پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد راحت اور بچا کا کام شروع کیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمی افراد کو ضلع ہسپتال بھیجا گیا۔ جاں بحق ہونے والے یاتریوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔بولیرو میں سوار 10عقیدت مندوں کی موت کے علاوہ، حادثے میں بس میں سوار 19 عقیدت مند بھی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تمام عقیدت مند مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں، جو سنگم میں اشنان کرنے کے بعد وارانسی جا رہے تھے۔ زخمیوں کو ابتدائی علاج کے لیے سی ایچ سی رام نگر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس حادثے کی وجوہات کی جانچ میں مصروف ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، تیز رفتاری اور اندھیرے کے سبب حادثہ پیش آیا۔ تاہم، پولیس تمام پہلوں پر غور کر رہی ہے۔ادھر صدر دروپدی مرمو نے پریاگ راج میں سڑک حادثے میں جانی نقصان پر غم کا اظہار کیا ہے۔صدر جمہوریہ نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پیغام میں کہاکہ پریاگ راج میں مرزا پور ہائی وے پر سڑک حادثے میں کئی لوگوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا’’میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوں‘‘۔