سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی سربراہ اورممبراسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کی طرف سے کشمیر میں امتحانات کے انعقاد کو طاقتور سرجیکل سٹرائک کہنے کو بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی لیڈروں کو ایسے بیانات دینے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔ انجینئر رشید نے ایک بیان میں کہا ہے’’جس طرح ہندوستانی میڈیا اور پرکاش جاویڈکر جیسے ذمہ دار لوگ امتحانات میں طالب علموں کی شرکت کو ہندوستان کی کامیابی کے طور پیش کرتے ہیں ،اس سے یہ بات سمجھنے میں کوئی شک نہیں رہنا چاہئے کہ تعلیم کو لیکر کشمیری مزاحمتی قیادت سیاست کر رہی ہے یا ہندوستانی میڈیا اور سیاستدان اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے ایسا کر رہے ہیں‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ امتحانات کے انعقاد کو اپنی فتح قرار دیکر ہندوستانی سرکار یہ تاثر دے رہی ہے کہ جیسے کشمیری سیاستدان اور والدین ہر قیمت پر اپنے بچوں کو تعلیم سے دور رکھنا چاہتے تھے اور اُن کا مشن یہ تھا کہ کشمیری صرف سڑکوں پر احتجاج کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ در اصل امتحانات کے انعقاد کو سیاست زدہ کرکے مرکزی سرکار اور ہندوستانی میڈیا نہ صرف ایک خاص طبقہ بلکہ عسکریت پسندوں کو بھی اس بات کیلئے اکسا رہی ہے کہ وہ خدا نہ خواستہ طلاب پر حملے کریں تاکہ ہندوستان بیرون دنیا اور خود کشمیر کے اندر خود کو کشمیریوں کے غمخوار کے طور پیش کر سکیں۔