پرچوں کاافشاء ہونا یوگی حکومت کی ناکامی | امتحانات ملتوی کرکے نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑکیاجارہا ہے:پرینکا

Towseef
2 Min Read

یواین آئی

نئی دہلی// کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ اتر پردیش میں سٹیٹ سول سروسز (پی سی ایس) امتحان کا دوسری بار ملتوی کرنا یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی ناکامی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ پیپر لیک کروانا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی پالیسی بن گئی ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے ۔ واڈرا نے کہا،’’یوپی پی سی ایس کے پریلمس امتحان کو دوسری بار ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یوپی ٹیکنیکل ایجوکیشن سروسز-2021 کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے۔ امتحانات کو بار بار ملتوی کرنا، پیپر لیک اور بدعنوانی کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو برباد کرنا بی جے پی حکومت کی پالیسی بن چکی ہے۔‘‘انہوں نے کہا ،’’ کمپٹیشن میں شامل ہونے والے طلباء بھی یو پی پی سی ایس امتحان دو دن میں منعقد کرنے کی تجویز کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کا یہ استدلال درست ہے کہ اگر ایک ہی امتحان دو دن میں ہو گیا تو پھر نارملائزیشن کی آڑ میں اسکیلنگ کا کھیل شروع ہو جائے گا۔ ایک طرف بی جے پی نوجوانوں کے مستقبل کو برباد کر رہی ہے تو دوسری طرف نوکریاں نہ دے کر پسماندہ طبقات، دلتوں اور پسماندہ طبقات سے ریزرویشن کا حق بھی چھین رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش پبلک سروس کمیشن نے جمعرات کو پی سی ایس کے ابتدائی امتحان کو ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے پی سی ایس امتحان کو ملتوی کر دیا گیا ہے اور امیدواروں کو اس کی اطلاع دی جائے گی کہ یہ امتحان کب منعقد ہوگا۔

Share This Article