یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام’من کی بات‘کی تاریخ میں پہلی بار تبدیلی کی گئی۔من کی بات پروگرام ہر مہینے کی آخری اتوار کو ہوتا تھا لیکن اس سال یوم جمہوریہ کی تقریبات جنوری کی آخری اتوار کو ہونے کی وجہ سے من کی بات کے پروگرام کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔یہ جنوری کے مہینے کی آخری اتوار سے پہلے 19جنوری بروز اتوار کو وزیر اعظم کے پروگرام’من کی بات‘کی 118ویں قسط ہے۔
بھارت جمہوریت کی ماں | الیکشن کمیشن نے ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی طاقت کومضبوط کیا:مودی
عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو الیکشن کمیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ٹیکنالوجی کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے عوام کی طاقت کو مضبوط کیا ہے اور منصفانہ انتخابات کیلئے اپنی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔وزیر اعظم نے اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ 25 جنوری کو الیکشن کمیشن کے یومِ تاسیس کے موقع پر ’قومی ووٹرز ڈے‘ منایا جاتا ہے۔مودی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے وقتاً فوقتاً انتخابی عمل کو جدید اور مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو جمہوری عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرنی چاہیے تاکہ وہ خود کو بااختیار بنائیں اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کے بعد بھارت کے جمہوری مستقبل پر سوالات اٹھائے گئے تھے، لیکن بھارت نے ان خدشات کو غلط ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جمہوریت کی ماں ہے۔مودی نے بھارت کے آئین ساز اسمبلی کے اراکین، بشمول ڈاکٹر راجندر پرساد، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، اور شیاما پرساد مکھرجی کی آڈیوز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آئین کے معماروں سے متاثر ہوکر ایک ایسا بھارت بنانا چاہیے جس پر وہ فخر کر سکیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ 26 جنوری کو بھارت آئین کے نفاذ کی 75 ویں سالگرہ منائے گا۔پرایاگ راج میں جاری ’مہاکمبھ میلے‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے، مودی نے کہا کہ اس ایونٹ میں مختلف ذاتوں اور علاقوں کے لوگ بغیر کسی امتیاز کے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کے تہذیبی ورثے کو مضبوط کرنے میں مددگار ہوگا۔مودی نے کہا کہ اس ایونٹ کی عالمی مقبولیت ہر بھارتی کے لیے فخر کا باعث ہے۔
خلائی میدان میں تاریخی کامیابیاں حاصل | مینوفیکچرنگ کیلئے نئی ٹیکنالوجی پر کام ہو رہا ہے
یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ 2025کے اوائل میں ہی ہندوستان نے خلائی میدان میں بہت سی تاریخی حصولیابیاں حاصل کی ہیں اور ابھی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)مدراس کا ایکسٹیم سینٹر خلا میں مینوفیکچرنگ کیلئے نئی ٹیکنالوجیز پر کام کر رہا ہے۔آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘میں مودی نے کہا کہ آئی آئی ٹی مدراس کا ایکس ٹی ای ایم سینٹر خلا میں مینوفیکچرنگ کیلئے نئی ٹیکنالوجیز پر کام کر رہا ہے۔ یہ مرکز خلا میں 3ڈی پرنٹڈ بلڈنگ، دھاتی فوم اور آپٹیکل فائبر جیسی ٹیکنالوجیز پر تحقیق کر رہا ہے۔ یہ مرکز پانی کے بغیر کنسنٹریٹ مینوفیکچرجیسے انقلابی طریقے بھی تیار کر رہا ہے۔ ایکسٹیم کی یہ تحقیق ہندوستان کے گگنیان مشن اور مستقبل کے خلائی مرکز کو مضبوط کرے گی۔ اس سے مینوفیکچرنگ میں جدید ٹیکنالوجی کی نئی راہیں بھی کھلیں گی۔وزیر اعظم نے کہا’’مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ انڈین اسپیس اسٹارٹ اپ بنگلور کے پکسل نے ہندوستان کا پہلا نجی سیٹلائٹ کانسٹیلیشن ’فائر فلائی‘کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ کانسٹیلیشن دنیا کا سب سے ہائی ریزولوشن ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ کانسٹیلیشن ۔ اس حصولیابی نے نہ صرف ہندوستان کو جدید خلائی ٹکنالوجی میں ایک رہنما بنایا ہے بلکہ خود انحصار ہندوستان کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
یہ کامیابی ہمارے نجی خلائی شعبے کی بڑھتی ہوئی طاقت اور جدت کی علامت ہے۔ پوری قوم کی طرف سے، میں اس کامیابی کے لیے پکسل ٹیم، اسرو اور ان اسپیس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ہمارے سائنسدانوں نے خلائی شعبے میں ہی ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔ سائنسدانوں نے مصنوعی سیاروں کی خلا میں ڈاکنگ کرائی ہے۔ جب خلا میں دو سیٹلائٹ جڑتے ہیں تو اس عمل کو اسپیس ڈاکنگ کہتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی خلا میں اسپیس سنٹرتک سپلائی بھیجنے اور اس میں گئے لوگوں کے لئے اہم ہے۔ ہندوستان یہ کامیابی حاصل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سائنسدان خلا میں پودے اگانے اور انہیں زندہ رکھنے کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔ اس کے لیے اسرو کے سائنسدانوں نے لوبیا کے بیج کا انتخاب کیا۔ 30 دسمبر کو بھیجے گئے یہ بیج خلا میں ہی اگ آئے۔ یہ ایک بہت ہی متاثر کن تجربہ ہے جو مستقبل میں خلا میں سبزیاں اگانے کا راستہ کھول دے گا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے سائنس داں کس آگے کی سوچ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام حصولیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہندوستان کے سائنسدان اور اختراع کار مستقبل کے چیلنجوں کا حل فراہم کرنے میں کتنے بصیرت رکھتے ہیں۔ پوری قوم کی جانب سے ہندوستان کے سائنسدانوں، اختراع کاروں اور نوجوان صنعت کاروں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “آج ہمارا ملک خلائی ٹیکنالوجی میں نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے‘‘۔
قوم کی تعمیر کیلئے متحد ہوجائیں | مساوات کے ساتھ آگے بڑھیں
یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے آئین بنانے والوں کے خوابوں کے مطابق ہندوستان کی تعمیر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیلئے ہمیں مشترکہ فلاح و بہبود، ثقافتی تحفظ اور مساوات کے اقدار کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔اتوار کو آل انڈیا ریڈیو پر اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام “من کی بات” کے 118 ویں ایپی سوڈ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس بار کا’یوم جمہوریہ‘بہت خاص ہے۔ یہ ہندوستانی جمہوریہ کی 75ویں سالگرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین ساز اسمبلی کی ان تمام عظیم شخصیات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں ہمارا مقدس آئین دیا۔انہوں نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی کے دوران کئی موضوعات پر طویل بحثیں ہوئیں۔ یہ بحثیں، ارکانِ دستور ساز کے خیالات، ان کی باتیں ایک عظیم ورثہ ہیں۔ مودی نے اپنے خطاب میں دستور ساز اسمبلی کے ارکان ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، ڈاکٹر راجندر پرساد اور ڈاکٹر شیاما چرن مکھرجی کی تقاریر کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب نے اتفاق اور مشترکہ بھلائی پر زور دیا اور ڈاکٹر راجندر پرساد نے عدم تشدد اور امن جیسی اقدار کے ثقافتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ڈاکٹر شیاما چرن مکھرجی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے مواقع کی مساوات پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم وطنوں کو آئین سازوں کے ان خیالات سے تحریک لے کر ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کرنا ہوگا جس پر ہمارے آئین سازوں کو بھی فخر ہو۔ مودی نے کہا، “آج 2025 کی پہلی “من کی بات” ہو رہی ہے۔ ہر بار “من کی بات” مہینے کے آخری اتوار کو ہوتی ہے لیکن اس بار ہم ایک ہفتہ قبل چوتھے اتوار کے بجائے تیسرے اتوار کو ہی مل رہے ہیں۔ کیونکہ اگلے ہفتے اتوار کو ہی ‘یوم جمہوریہ’ ہے۔ میں تمام اپنے تمام ہم وطنوں کو یوم جمہوریہ کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یوم جمہوریہ سے ایک دن قبل 25 جنوری قومی ووٹرز کا دن ہے۔ یہ دن اس لیے اہم ہے کہ اس دن ‘الیکشن کمیشن آف انڈیا’ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا، “میں الیکشن کمیشن کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جس نے وقتا فوقتا ہمارے ووٹنگ کے عمل کو جدید اور مضبوط بنایا ہے۔ کمیشن نے عوامی طاقت کو مزید تقویت پہنچانے کے لئے ٹیکنالوجی کی طاقت کا استعمال کیا۔ میں الیکشن کمیشن کو منصفانہ انتخابات کے لیے ان کی لگن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے اہل وطن پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور جمہوری عمل کا حصہ بن کر اسے مضبوط کریں۔