عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ایک اہم پیش رفت میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جو جموں و کشمیر یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں، نے جمعہ کو پروفیسر نیلوفر خان کو دو سال کی مدت کے لیے کشمیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے طور پر دوبارہ تعینات کیا۔کشمیر یونیورسٹی وائس چانسلر کی کی تین سالہ مدت 19 مئی 2025 کو ختم ہونے والی تھی۔جاری کردہ ایک حکم میںلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا’’کشمیر اور جموں یونیورسٹیز ایکٹ، 1969 کی دفعہ 12(5) کے تحت، مجھے حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، میں، منوج سنہا، چانسلر، کشمیر یونیورسٹی، اس طرح پروفیسر نیلوفر خان کو 19مئی2025سے اپنی موجودہ مدت کی تکمیل سے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پرآئندہ دوسال کیلئے دوبارہ مقرر کرتا ہوں‘‘۔پروفیسر خان کو 19 مئی 2022 کو کشمیریونیورسٹی کی پہلی خاتون وائس چانسلرکے طور پر تعینات کیا گیا تھا، جس نے پروفیسر طلعت احمد کی جگہ لی جن کی تین سالہ مدت اگست 2021میں ختم ہوئی تھی۔پروفیسر خان کے پاس 30سال سے زیادہ کا تدریسی تجربہ ہے اور انہوں نے کئی اہم تعلیمی اور انتظامی صلاحیتوں میں کشمیریونیورسٹی کی خدمات انجام دی ہیں، جن میں ڈین کالج ڈیولپمنٹ کونسل، رجسٹرار، ڈین فیکلٹی آف اپلائیڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز شامل ہیں۔انہیں کشمیریونیورسٹی کی پہلی خاتون ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر اور سنٹر فار ویمنز سٹڈیز اینڈ ریسرچ کی بانی ڈائریکٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔گزشتہ سال دسمبر میں ایل جی نے پروفیسر امیش رائے کو 5 اپریل 2025 سے جموں یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا تھا۔اسی دن، ایل جی نے موجودہ وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، کشمیرپروفیسر نذیر احمد گنائی کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی کی۔توسیع کا اطلاق 16دسمبر 2024 سے ہوا۔پروفیسر خان کی بطور کشمیر یونیورسٹی وائس چانسلر دوبارہ تقرری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب NAAC ٹیم یونیورسٹی کے معائنے اور یونیورسٹی کے گریڈ کا جائزہ لینے کے لیے یونیورسٹی کا دورہ کرنے والی ہے۔فی الحال،کشمیر یونیورسٹی NAAC کے ذریعے A+ گریڈ کے ساتھ تسلیم شدہ ہے۔NAAC ٹیم کا آخری دورہ مئی 2019 میں ہوا تھا اور ایکریڈیشن مئی 2024 تک درست تھی۔