عظمیٰ نیوزسروس
جموں// پرنسپل سیکرٹری کلچر برج موہن شرما نے کلا کیندر جموں میں دو روزہ نایاب سکوں کی نمائش کا اِفتتاح کیا۔ یہ نمائش ورلڈ نمس میٹک ویک 2025 کی مناسبت سے محکمہ کلچر جموں و کشمیر کے زیر اہتمام کلا کیندر کی جانب سے منعقد کی گئی۔افتتاحی تقریب کا مشاہدہ کرنے کے لئے آرٹ سے محبت کرنے والوں، مصوروں، ورثہ جمع کرنے والوں اور معززین کی ایک کہکشاں موجود تھی۔نمائش میں تقریباً 1000 نایاب سکے پیش کئے گئے ہیںجو مختلف تاریخی ادوار سے تعلق رکھتے ہیںجن میں کنشک، ہند۔یونانی حکمران، قبل و بعد از اسلام کشمیر، مغلیہ سلطنت، برطانوی دور، سکھ و ڈوگرہ حکومتیں اور آزادی کے بعد ہندوستان کے سکے شامل ہیں۔برج موہن شرما نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’نمائش میں یہ سکے محض دھات کے ٹکڑے نہیں بلکہ تاریخ، ثقافت اور روایت کے گواہ ہیں۔ ہر سکہ تجارت، حکمرانی، سلطنتوں اور ہمارے آبا و اجداد کی روزمرہ زندگی کی خاموش کہانی سناتا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ سکے اَپنی تحریروں، ساخت،میٹریل اور نشانات کے ذریعے ہماری اِجتماعی ثقافتی یادداشت کے امین ہیں۔اُنہوں نے ثقافتی آرگنائزیشنوں اور جمع کنندگان سے حکومت کے ساتھ تعاون کی اپیل کی اور اعلان کیا کہ محکمہ کلچر نے ثقافت، ورثے کے تحفظ و فروغ کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری آرگنائزیشنوں کی حوصلہ افزائی اور اعزاز کے لئے نئی سکیم وضع کی ہے۔ سیکرٹری کلاکیندر ڈاکٹر جاوید راہیؔ نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ نمائش کا مقصد جمع کنندگان کو اَپنے نایاب سکوں کی نمائش کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ممتاز کلکٹر جن کے مجموعے نمائش کے لئے رکھے گئے ہیںان میںبانی ششوت آرٹ گیلری جموں ڈاکٹر سریش کمار ابرول ، ہمالیائی ہیرٹیج میوزیم جموں اندر سنگھ ، سدھیر گپتا ، اشوک کمار کول اور رمیش کمار رینہ شامل ہیں۔ ان کی نمائش کلا کیندر کے اندر ماسٹر سنسار چند گیلری میںرکھی گئی ہے۔اِس موقعہ پر سپیشل سیکرٹریز ترشلا کنڈل اور ملک زادہ شیراز الحق بھی موجود تھے۔ خالد حسین، اے ایس امن، لیاقت جعفری اور راج کمار بہروپیا جیسے نامور مصنفین و ثقافتی شخصیات کے علاوہ محکمہ کلچر کے سینئر اَفسران بشمول وشوجیت، رئیس چودھری اور امر سنگھ نے بھی خطاب کیا اور اِس اَقدام کی ستائش کی۔یہ نمائش 25 ؍اپریل 2025 ء کی شام تک عوام کے لئے کھلی رہے گی۔