نئی دہلی// صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی الوداعی تقریب پارلیمنٹ میں شروع ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے صدر پرنب مکھرجی کا پارلیمنٹ ہاوس پہنچنے پر خیر مقدم کیا۔ پروگرام سینٹرل ہال میں جاری ہے۔ پارلیمنٹ میں نائب صدر حامد انصاری، کانگریس صدر سونیا گاندھی سمیت دونوں ایوانوں کے ممبران پارلیمنٹ موجود ہیں۔لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے سب سے پہلے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی مدت کی حصولیابیاں شمار کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر پرنب مکھرجی کی مدت کار یادگار رہی۔ ہم آپ کے خواب کو پورا کریں گے۔ غور طلب ہے کہ صدر پرنب مکھرجی کی مدت کار کا آج آخری دن ہے۔ سمترا مہاجن کے بعد نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے بھی صدر کی مدت کار کی حصولیابیوں سے آگاہ کرایا۔اس کے بعد صدر پرنب مکھرجی الوداعی تقریر کررہے ہیں۔ الوداعی تقریر میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے میری سیاسی سوچ کو شکل دی ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں بہت کچھ سیکھا ہے۔ میرے کیریئر کو اندرا گاندھی نے سمت دی اور مجھے اس جمہوریت کے مندر نے تیار کیا۔ ملک کا اتحاد آئین کی بنیاد پر ہے۔ اس شاندار پروگرام کے لئے سب کا شکریہ۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کا پاس ہونا بالغ جمہوریت کی نشانی ہے۔ پارلیمنٹ میں رکاوٹ حکومت کے زیادہ اپوزیشن کے لئے نقصان دہ ہے۔ ہندوستان میں مختلف مذاہب کے لوگ آئین کی سر پرستی میں رہتے ہیں۔