عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی نے کانگریس کی بنیاد کے 138 ویں سال پر پارٹی کے لئے شفاف فنڈنگ کیلئے پورے ملک میں کانگریس پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی آن لائن کراؤڈ فنڈنگ مہم ’’دیش کے لئے عطیہ‘ کا آغاز کیا۔اے آئی سی سی کی ہدایت کے مطابق پی سی سی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس بریفنگ میں جموں و کشمیر میں آن لائن مہم کا آغاز کرتے ہوئے جے کے پی سی سی کے صدر وقار رسول وانی کے ساتھ ورکنگ صدر رمن بھلا، سینئر نائب صدور رویندر شرما، چیف ترجمان اور ٹی ایچ کیو بھی موجود تھے۔ پارٹی اکاؤنٹ میں شفاف فنڈنگ کے لئے 138 روپے، 1380 روپے،13,800اور اسی طرح یا کسی اور رقم میں ’دیش کے لئے عطیہ‘ مہم کے حصے کے طور پرفنڈنگ دی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ڈونر کو ایک سرٹیفکیٹ آن لائن جاری کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے 1920 میں کراؤڈ فنڈنگ کی تھی اور اب اپنی بنیاد کے 138 سالوں میں اب پارٹی 28 دسمبر 2023 کو 138 سال مکمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 دسمبر 2023 کو اے آئی سی سی کے ذریعہ شروع کئے گئے عطیات میں بڑی تعداد میں لوگ پہلے سے ہی مصروف ہیں۔پارٹی کے ریاستی صدر نے مختلف علاقوں بالخصوص راجوری پونچھ میں دہشت گردی میں اضافے اور ہمارے جوانوں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت حالات کو قابو میں لانے اور ہمارے جوانوں کی ہلاکت سمیت بے گناہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے زیادہ موثر انداز اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حالات کے معمول پر ہونے کے بلند و بانگ دعوے کئے جارہے ہیں تاہم دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں اور ہمارے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔