پرتھ/پرتھ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 539 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔اتوار کو کھیل کے اختتام پر اسے یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 370 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو مچل مارش 15 اور عثمان خواجہ 58 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے اور میزبان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا لیے تھے۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے اوپنرز نے ٹیم کو 52 رنز کا آغاز دیا۔ آسٹریلیا کے آو¿ٹ ہونے والے پہلے بلے باز وارنر تھے جو 35 رنز بنانے کے بعد رن آو¿ٹ ہوئے۔میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ بھی اسی سکور پر گری جب دوسرے اوپنر شان مارش 15 رنز بنانے کے بعد ربادا کے اسی اوور میں ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے۔تیسری وکٹ کے لیے سٹیون سمتھ اور عثمان خواجہ کے درمیان 92 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ ربادا نے کیا۔ آو¿ٹ ہونے والے بلے باز سمتھ تھے جو 34 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔فیلنڈر اور ڈی کاک نے اتوار کو جنوبی افریقہ کے سکور میں مزید 78 رنز کا اضافہ کیا۔ایڈم ووگز آسٹریلیا کے آو¿ٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا سکے اور ربادا کی تیسری وکٹ بنے۔اس سے قبل اتوار کو جب کھیل شروع ہوا تو جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز سے شروع کی اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 540 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔فیلنڈر اور ڈی کاک نے پہلے سیشن میں اعتماد سے آسٹریلوی بولرز کا مقابلہ کیا اور سکور میں مزید 78 رنز کا اضافہ کیا۔جب جنوبی افریقہ کا سکور 468 رنز پر پہنچا تو ڈی کاک نصف سنچری بنانے کے بعد مچل مارش کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ انھوں نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ڈی کاک کی جگہ آنے والے کیشو مہاراج نے بھی فیلنڈر کے ساتھ مل کر مخالف ٹیم کے بولرز کو پریشان کیے رکھا اور آٹھویں وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت قائم کر دی۔فیلنڈر نے پہلے ڈی کاک اور پھر کیشو مہاراج کے ساتھ مل کر مخالف ٹیم کے بولرز کو پریشان کیے رکھا۔اس شراکت کا خاتمہ سٹیون سمتھ نے 73 رنز بنانے والے فیلینڈر کو آو¿ٹ کر کے کیا اور اس وکٹ کے ساتھ ہی جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔اس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 242 رنز بنا سکی تھی جس کے جواب میں 158 رنز کا آغاز ملنے کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم 244 رنز ہی بنا سکی تھی اور اسے پہلی اننگز میں دو رن کی برتری ملی تھی۔