نیوز ڈیسک
رام گڑھ//اپنی پارٹی لیڈران نے جموں وکشمیر میں پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پر حکومت کیخلاف پر امن احتجاج کیا۔ احتجاج کی قیادت صوبائی صدر سردار منجیت سنگھ کر رہے تھے جس کا اہتمام پارٹی ضلع صدر سانبہ لیگل سیل ساہل بھارتیہ نے رام گڑھ میں کیاتھا۔انہوں نے پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے اور بجلی کرایہ نہ دینے پر بجلی سپلائی کاٹ دینے کی وارننگ پر انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پراپرٹی ٹیکس منتخب میونسپل کمیٹیوں کے ممبران سے صلاح ومشورہ کئے بغیر عائد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور لوگوں نے یک زباں اِس کی مخالفت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ سٹی آج بھی ایک دیرینہ خواب ہے ، لوگوں کی بنیادی سہولیات پوری نہیں کی جارہی اور وہ قابل ِ رحم زندگی جینے پر مجبور ہیں۔ بارہا لوگوں سے گذارشات کی گئیں اور ترقیاتی مسائل بھی اْجاگر کئے لیکن اچانک پراپرٹی ٹیکس عائد کردیاگیا جس کو واپس لیاجانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام نے دھمکی دی ہے کہ وہ بقیہ بجلی کرایہ ادا کریں بصورت دیگر اْن کے بجلی کنکشن کاٹ لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو جاری یہ فرمان بدقسمت آمیز ہے۔ ایل جی منوج سنہا کو چاہئے کہ وہ اِس معاملہ میں ذاتی مداخلت کریں۔انہوں نے متنبہ کیاکہ اگر عوام مخالف فیصلے واپس نہ لئے گئے تو لوگ سڑکوں پر آئیں گے، ہم ایسی پالیسیاں ہرگز بردداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں خطوں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں اور بلاتاخیر ریاستی درجہ بحال کیاجائے۔
پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کیخلاف اپنی پارٹی کا احتجاج