عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکومت نے مالی سال 25 کے لیے ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ پر شرح سود کی 8.25 فیصد توثیق کی ہے، جس سے ریٹائرمنٹ فنڈ باڈی ای پی ایف اوکو 7 کروڑ سے زیادہ صارفین کے ریٹائرمنٹ کے بعد کے فنڈز میں سالانہ سود جمع کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ای پی ایف او نے 28 فروری کو مالی سال 2024-25 کے لیے ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) کے ذخائر پر 8.25 فیصد کی شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جو پچھلے مالی سال میں فراہم کردہ شرح کے برابر ہے۔ 2024-25 کے لیے منظور شدہ شرح سود وزارت خزانہ کی منظوری کے لیے بھیجی گئی تھی۔وزارت محنت کے ایک اہلکار نے بتایاکہ وزارت خزانہ نے 2024-25 کے مالی سال کے لیے ای پی ایف پر 8.25 فیصد شرح سود کی منظوری دی ہے اور وزارت محنت نے ای پی ایف اوکو اس بارے میں ایک مواصلت بھیجی ہے۔اب مالی سال25 کے لیے منظور شدہ شرح کے مطابق سود کی رقم ای پی ایف اوکے سات کروڑ سے زیادہ صارفین کے کھاتوں میں جمع کر دی جائے گی۔شرح سود پر فیصلہ 28 فروری کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر محنت اور روزگار منسکھ منڈاویہ کی صدارت میں ای پی ایف او کے مرکزی بورڈ آف ٹرسٹیز کی 237ویں میٹنگ میں لیا گیا۔بہت سے مقررہ آمدنی والے آلات کے مقابلے میں، ای پی ایف نسبتاً زیادہ اور مستحکم منافع پیش کرتا ہے، جو ریٹائرمنٹ کے بعد کی بچتوں میں مستحکم ترقی کو یقینی بناتا ہے۔فروری 2024 میں،ای پی ایف اونے 2022-23 میں 8.15 فیصد سے 2023-24 کے لیے شرح سود کو معمولی طور پر بڑھا کر 8.25 فیصد کر دیا تھا۔مارچ 2022 میں،ای پی ایف اونے 2021-22 کے لیے ای پی ایف پر سود کو 2020-21 میں 8.5 فیصد سے کم کر کے چار دہائیوں کی کم ترین 8.1 فیصد کر دیا تھا۔