سرینگر//گورنرکے مشیر کے وجے کمار نے جموں وکشمیر ایمپلائیز پراویڈنٹ فنڈ تنظیم سے کہا ہے کہ وہ التواء میں پڑے تمام پراویڈنٹ فنڈ دعوؤں کو جلدا ز جلد نمٹائیں تا کہ ملازمین کو وقت پر رقومات حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے ریکاڑڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دیں۔ جے کے ای پی ایف او کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی80 ویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ ملازمین کی طرف سے جمع کیا گیا پیسہ انہیں ضرورت وقت پر مہیا کہا جانا چاہئے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ یہ تنظیم آن لائن دعوے داخل کرنے کی سہولت عنقریب ہی شروع کرے گی تا کہ پورے عمل کو آسان بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر2018 تک ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو پورا کیا جانا چاہئے۔مشیر موصوف نے کہا کہ ای پی ایف او کے صارفین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک موثر لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہئے۔میٹنگ کے دوران کئی دیگر امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔پرویڈنٹ فنڈ رقومات کی سرمایہ کاری کے حوالے سے فیصلہ لیا گیا کہ اس مقصد کے لئے ایک بہترین فنڈ منیجر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔پرنسپل سیکرٹری محنت و روز گار نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ تنظیم نے سال2006-07 سے لے کر2014-15 تک سالانہ اکاؤنٹ تیار کرنے کے لئے ایک فرم کی خدمات حاصل کی ہیں۔اس موقعہ پر بورڈ کے ارکان نے پرویڈنٹ فنڈ کے صارفین سے جڑے کئی دیگر معاملات کو بھی اجاگر کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔