حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے پرانی پونچھ وارڈ نمبر 17 میں بتاڑ نالہ کے پانی میں اچانک اضافہ ہونے سے ایک مکان کا حصہ مکمل بہہ گیا دوسرے کو شدید نقصان پہنچا۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شدید بارش کے دوران پونچھ کے دریا، ندی نالوں کی سطح میں غیرمعمولی اضافہ ہوا جس کی زد میں آ کر محمد اسلم نامی شخص کا رہائشی مکان جزوی طور پر منہدم ہوگیا۔ خوش قسمتی سے اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اہل خانہ کے مطابق قیمتی گھریلو سامان اور ضروری اشیاء ضائع ہو گئیں۔متاثرہ خاندان نے انتظامیہ سے فوری طور پر امداد، محفوظ رہائش اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بتاڑ کے کناروں پر حفاظتی باندھ نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال برسات کے موسم میں مکانات اور کھیت خطرے کی زد میں آ جاتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ بارہا توجہ دلانے کے باوجود متعلقہ محکموں نے ابھی تک کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا۔سماجی کارکنان نے بھی اس معاملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر متاثرہ خاندان کی بحالی کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں اور مستقل حل کے لئے بتاڑ نالے کے کناروں پر حفاظتی بند تعمیر کئے جائیں۔ادھر انتظامیہ کے ایک افسر نے یقین دلایا ہے کہ متاثرہ مقام کا سروے کر کے جلد رپورٹ تیار کی جائے گی اور متاثرین کو ضابطے کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا۔