جموں //نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اور تعلیم ، ثقافت و سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے سکرالہ ماتا مندر پرانی منڈی جموں سے سکرالہ ماتا یاترا کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔سینکڑوں کی تعداد میں شردھالواس چھڑی مبارک یاترا میں شامل ہوئے جو سکرالہ ماتا مندر بلاور کے لئے روانہ ہوئی۔اس موقعہ پر شرکاء کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ا س طرح کی مذہبی تقاریب ، آپسی بھائی چارے اور امن و اخوت کے پیغام کو عام کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں ۔ اُنہوں نے شرکا ء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ یاترا ریاست کے لئے خوشحالی اور ترقی کی ایک نوید لے کر آئے گی۔ پریا سیٹھی نے اس موقعہ پر کہا کہ مذہبی تقاریب کو آج کل کے دور میں کافی سماجی اور ثقافتی اہمیت حاصل ہے جس کی بدولت مختلف طبقوں کے درمیان رشتے مزید مستحکم ہو جاتے ہیں۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یاترا کی بدولت ریاست میں آپسی رواداری کے جذبے کو تقویت حاصل ہوگی۔ایم ایل اے جموں ایسٹ راجیش گپتا ، سینئر سیاسی لیڈریدھویر سنگھ کے علاوہ کچھ دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔واضح رہے کہ یہ یاترا ہر برس منعقد کی جاتی ہے اور اس میں ہزاروں کی تعداد میں شردھالو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہیں۔