سرینگر //جموں و کشمیر جوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی آف پرائیویٹ سکولز کا پہلا جنرل باڈی اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس میں صوبہ کشمیر میں قائم 90سکولوں کے مالکان نے حصہ لیا ۔ اجلاس ہیٹرک سکول زکورہ میں منعقد ہوا جس میں مقررین نے کارڈی نیشن کمیٹی کے رول پر تفصیلی روشی ڈالی اور پرائیویٹ سکولوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ابتدائی خطبے میں کمیٹی کے صدر شوکت چودھری نے بتایا کہ کارڈی نیشن کمیٹی تمام نجی سکولوں کو ایک پلیٹ فارم دینے کیلئے بنائی گئی تاکہ ریاست کے تینوں خطوں میں نجی سکولوں کو درپیش مسائل پر غور و خوض کیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نجی سکول انفرادی سطح پر اپنے مسائل حل نہیں کرسکتے بلکہ ایک مضبوط آواز کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی ممبران نے سابق وزیر تعلیم ، وزیرخزانہ ، فیس سے فکزیشن کمیٹی اور دیگر معاملات پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کی معیاد ایک سال سے پانچ سال تک بڑھائی گئی جبکہ کارڈنیشن کمیٹی رجسٹریشن کی معیاد دس سال کرنے کی مانگ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارڈنیشن کمیٹی نے فیس میں سالانہ 8فیصد کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں بچوںکے بیٹھنے کے انتظامات بھی سپریم کورٹ ہدایت کو مد نظر رکھا جارہا ہے۔شوکت چودھری نے ممبران کو یقین دلایاکہ کارڈنیشن کمیٹی نجی سکولوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔میٹنگ میں پروفیسر سی ایل وشن، علی محمد بارہمولہ اور دیگر اضلاع کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔