ڈورو//ویری ناگ میں قائم سرکاری اسپتال کی او پی ڈی ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے سبب مقامی آبادی محکمہ صحت کے تئیں سخت برہم ہے ۔پرائمری ہیلتھ سنٹر ویری ناگ نے گذشتہ روز او پی ڈی ٹکٹ کی قیمت5روپے سے بڑھا کر 10روپے کر دی ہے ۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق فیصلہ ڈائریکٹر کے حکمنامہ کے مطابق کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ ٹکٹ پر 5روپے کی قیمت پرنٹ ہے لیکن اب ہاتھوں سے 10روپے کی مہر لگاکر رقومات حاصل کی جاتی ہے جو کہ مشکوک ہے۔ لوگوں نے فیصلہ پر سخت برہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے کام کررہے عارضی ملازمین کو مالی فائدہ پہنچانے کے لئے یہ قدم اُٹھایا ہے جوکہ غریب عوام پر ایک بوجھ ہے۔لوگوں نے کہا کہ اگر واقعی ڈائریکٹر نے حکم نامہ جاری کیا ہے تو اس کا اطلاق ریاست کے دیگر اسپتالوں پر کیوں نہیں ہوا ہے ؟اُنہوں نے اسپتال انتظامیہ سے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے ۔