جاوید اقبال
مینڈھر//تعلیمی زون ہرنی کے گورنمنٹ پرائمری سکول ناڑہ گامہ کیری ٹاپ میںکچن و دیگر بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے ۔سکول میں کچن قائم نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو میڈ ڈے میل کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔والدین نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سکول دو کمروں پر مشتمل ہے، جن میں سے ایک کمرہ کچن کے لئے مختص تھا، تاہم ابھی تک کچن کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری طرف، ایک ہی کمرے میں تقریباً بیس بچوں کو بٹھایا گیا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ حال ہی میں حکومت کی طرف سے دو مزید کمرے فراہم کئے گئے ہیں، جن کا مقصد بچوں کی تعلیم کو بہتر بنانا تھا، لیکن وہ ابھی زیرِ تعمیر ہیں اور ان کی تکمیل میں مزید وقت لگے گا۔ والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور محکمہ تعلیم فوری طور پر کچن کی تعمیر کے لئے اقدامات کرے تاکہ میڈ ڈے میل بچوں کے لیے آسانی سے تیار ہو سکے اور ان کی تعلیم اور صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بچوں کو مناسب تعلیم اور خوراک کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، اور اس کے نتیجے میں ان کے تعلیمی معیار پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ والدین نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ جلد سے جلد سکول میں کچن کی تعمیر مکمل کی جائے تاکہ بچوں کو خوراک کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اور ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکومت اور محکمہ تعلیم کو فوری طور پر اس معاملے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔