سرینگر//مسلم لیگ، پیپلز پولیٹکل فرنٹ ، سالویشن مومنٹ ،تحریک مزاحمت اور ینگ مینز لیگ نے پدگام پورہ پلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ حقیقی محسن ہیں جو ہمارے آنے والے کل کی خاطر اپنا آج قربان کررہے ہیں۔ مسلم لیگ ترجمان سجادایوبی نے کہا کہ مادیت کے اس دور میں جب ہر طرف لوگ حلال وحرام میں تمیز کئے بغیر عقبیٰ کو چھوڑ کر دنیا کی رنگینیوں میں کھوئے ہوئے ہیں ،ایسے میں دنیاوی عیش و عشرت کوٹھکرا کر ہزاروں مشکلات کا سامنا کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ اب اس قوم کومراعات و مفادات کے شیشے میں اتار نا ممکن نہیں۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ سرپرست اعلیٰ فضل الحق قریشی اور چیئرمین محمد مصدق عادل نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قربانیاں تحریک آزادی کا ایک حصہ ہیں اور کشمیر ان قربانیوں کے طفیل آزادی حاصل کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ عوام پر قربانیوں کی حفاظت کرنے کی ملی ذمہ داری ہے ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اور ینگ مینز لیگ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری جوان اپنے آپ کو قربان کررہے ہیں تاکہ کشمیریوں کی جائز جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو جائے ۔اس دوران جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کی نمازجنازہ میں تنظیم کے ایک وفد نے شرکت کی۔تحریک مزاحمت کے ترجمان اعلیٰ شبیر احمد زرگر نے خراج عقیدت ادا کیا ہے اور ریل ہیرو ہے ، لوگوں سے کہاکہ شہیدوں کے خون سے سودا نہ کرے اور چنائو بائیکاٹ کریں۔