بلال فرقانی
سرینگر// پتھر مسجد زینہ کدل سے نواب بازار تک سڑک کی خستہ حالی مکینوںاور مسافربردار گاڑیوں کیلئے باعث عذاب ہے ۔ شہرخاص کی اس اہم رابطہ سڑک سے جہاں تجارتی مرکز زینہ کدل کا بازار ملتا ہے وہیں صدر ہسپتال اور سپر اسپشیلٹی ہسپتال تک جانے کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے اس راستے پر گھنٹوں ٹریفک جام لگ جاتا ہے،جس کی وجہ سے لوگ بروقت اپنی منزل تک پہنچ نہیں پاتے ہیں۔ پتھر مسجد کے ایک شہری سوید بٹ نے کہا کہ یہ سڑک پتھر مسجد سے دلال محلہ ہوتے ہوئے نواب بازار تک جاتی ہے اور شہر خاص کے اندروانی علاقوں کیلئے شہہ رگ کا درجہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک کو گزشتہ برس کھودا گیا اور ڈرینج کی مرمت کی گئی تاہم سال بھر گزرنے کے باوجود سڑک کی مرمت تو دور اس میں پڑے گڑھوں کو بھی بھرا نہیں جاتا۔سوید نے بتایا کہ سڑک کی عدم مرمت سے برلب سڑک کئی مکانوں میں شگاف پڑ چکے ہیں،تاہم انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے۔ جبران فاروق نامی ایک شہری نے کہاکہ سڑک مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے اور بارش میں جہاں یہ جھیل کا رخ اختیار کرتی ہے وہیں گرمی میں گرد و غبار کی وجہ سے کچھ بھی نظر نہیں آتااور حادثات کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔انہوں نے کہا’’ مکین اپنے گھروں کی کھڑکیاں کھولنے سے قاصر ہیں کیونکہ دھول اس قدر ہوتی ہے کہ وہ گھروں میں داخل ہوکر لوگوں کو بیمار کرتی ہے‘‘۔ تاجروںنے بتایا کہ پتھر مسجد سے تجارتی مرکز زینہ کدل تک خستہ حال سڑک کی وجہ سے تجارت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس سڑک کی مرمت کی جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔