سرینگر//حریت (ع)ترجمان نے سانحہ پتھری بل اور براکہ پورہ اسلام آباد میں جاں بحق کئے گئے شہریوں کو انکی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سانحات میں بھارتی فورسز کی جانب سے مارے گئے لوگوں کے قتل میں ملوث مجرمین کو نہ تو آج تک سزا دی گئی اور نہ ان لوگوں کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا گیا ۔ترجمان نے کہا کہ یوں تو کشمیر میں ایسے سانحات کے حوالے سے حکومتی سطح پر تحقیقاتی کمیشن بنائے گئے لیکن نہ توکوئی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی اور نہ ہی مجرمین کی نشاندہی کرکے ان کو سزا دی گئی ۔ترجمان نے کہا کہ ان سانحات میں جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین آج بھی اپنے عزیزوں کے قاتلوں کو عدالت کے کٹہرے میں لانے کے منتظر ہےں اور یہ حقوق بشر کے عالمی اداروں اور انصاف پسند اقوام کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں درجنوں قتل عام کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جارہے مظالم کو بند کرانے کیلئے موثر رول ادا کرےں۔