سرینگر //ٹینگہ پورہ بائی پاس کے قریب پتھرائو کے دوران شام کے وقت ایک حادثہ میں ٹاٹا گاڑی ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا۔پولیس کے مطابق شام7بجکر20منٹ پر ایک ٹاٹا گاڑی زیر نمبرJK01D/5095بمنہ سے حیدر پورہ کی طرف جارہی تھی۔اس دوران ایک اسکول کے نزدیک کچھ شرپسند سنگبازی کر رہے تھے اور ایک پتھر گاڑی کے ڈرائیور علی محمد ڈگہ ساکن برتھنہ قمرواری کو بھی لگ گیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوا۔ مذکورہ55برس کاڈرائیور زخمی ہونے کی وجہ سے گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی ایک بجلی کے کھبے سے جا ٹکرائی۔ علی محمد کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ نوجوانوں نے سی آر پی ایف کی گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہوئے پتھرائو کیا تاہم یہ گاڑیاں تیز رفتاری سے جا رہی تھی اور انکے ساتھ ہی جارہی ایک ٹاٹا گاڑی کے ڈرائیور کو پتھر لگ گیا جس کی وجہ سے اس کے قابو سے گاڑی باہر ہوئی اور وہ پلٹ گئی جس سے مذکورہ ڈرائیور زخمی ہوا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر45/2017درج کر کے تحقیقات شروع کی۔