سرینگر //الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاستی سرکار کی جانب سے پبلک سیکرٹر انٹر پرائزز کے لئے16 نائب چیئرمین اور چیئرپرسنز کی تعیناتی کے عمل کو روک دیا ہے۔اس بات کا فیصلہ جمعرات کی شام دیر گئے ایک میٹنگ میں کیا گیا۔ریاستی سرکار سے کہا گیا ہے کہ وہ سرینگر اور اننت ناگ پارلیمانی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے عمل کی تکمیل تک یہ سبھی تقرریاںموخر کرے۔ریاست کے چیف الیکٹورل افسر کے نام ایک مکتوب میں الیکشن کمیشن نے9 مارچ2017 سے16 نائب چیئرپرسنوں اور چیئرمینوں کی تعیناتی کو ضمنی انتخابات مکمل ہونے تک معطل رکھنے کی ہدایت دی ہے۔اس ضمن میںاگر کوئی حکم 9 مارچ یا انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد جاری کیا گیا ہے، تو اس کو منسوخ کیا جائے۔واضح رہے کہ جب یہ تقرریاں عمل میں لائی گئیں تھیں تو نیشنل کانفرنس نیتقرروں کو الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قراد دیتے ہوئے الیکن کمیشن آف انڈیا میں شکایت درج کرائی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف انڈیا میں شکایت درج کرا کے ان تقرریوں کا سنجیدہ نوٹس لینے کی استدعاکی گئی کیونکہ بقول ان کے ،ان تقرریوں کے ذرائع ریاست میں ضمنی پارلیمانی چنائو پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جاسکتی ہے ۔شکایت میںکمیشن سے اپیل کی گئی تھی کہ اس معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لے کر اصل حقائق جانے کے علاوہ الیکشن ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرکار نے حکمران جماعتوں سے وابستہ 16لیڈروں کو آزادانہ اداروں اور کارپوریشنوں کے علاوہ پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس کے وائس چیئرمین کے بطور نامزد کیا جس میں پی ڈی پی کے9جبکہ بی جی پی کے6اور پیپلز کانفرنس کا ایک لیڈر شامل ہے۔ ان وائس چیئرمینوں کو ضوابط کے تحت مراعات اور ماہانہ80ہزار روپے بطور تنخواہ بھی فراہم کی جائے گی۔ پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر نظام الدین بٹ، جو کہ ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ بورڑ کے وائس چیئرمین ہیں،کو ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا چارج دیا گیاہے۔ پی ڈی پی کے عبدالسلام ریشی کو سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن،گلزار احمد کو جموں کشمیر انڈسٹریز لمیٹیڈ کا وائس چیئرمین ،انجینئر نذیر احمد یتو کو جموں کشمیر سیمنٹس وائس چیئرمین،میر بشیراحمد کو جموں کشمیر منرلز لمیٹیڈ وائس چیئرمین،پرویز احمد کو سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اورپیپلز کانفرنس کے رشید محمود کو جموں کشمیر ایگرو انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا وائس چیئرمین نامزد کیا گیا۔میڈیا سے بھاجپا میں آئے پارٹی ترجمان خالدجہانگیر کو ’’جے کے پی سی سی‘‘ کا وائس چیئرمین جبکہ پارٹی کی زنانہ ونگ جموں کی صوبائی صدر وجیہ ڈوگرہ کو جموں کشمیر وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن،منموہن سنگ کو جموں کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے تھے۔ بھاجپا کے غلام محمد میر کو جموں کشمیر ہارٹی کلچر(مارکیٹنگ اینڈ پروڈکٹ) کا وائس چیئرمین، وریندر سنگھ کو جموں کشمیر پولیس ہاوسنگ کارپوریشن ،بلبیر رام کو درجہ فہرست ذاتوں و قبائل اور دیگر پسماندہ جات بورڑ کا وائس چیئرمین،منیش شرما کو جیکفیڈ،علی محمد میر کو سمال اسکیل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور سبھاش جنڈیال کو سٹیٹ انڈسٹرئز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا وائس چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔یہ امر قبل ذکر ہے کہ پی ڈی پی نے اپنے کوٹے میں پہلے ہی پیر منصور احمد اور رفیع احمد میر کے علاوہ پیرمحمد حسین اور نعیمہ احمد مہجور کو مختلف محکموں میں بطور وایس چیئرمین نامزد کیا تھا۔