سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی میٹنگ آج یہاں ایم ایل اے محمد اکبر لون کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں لفٹ ایری گیشن سکیم کے آڈٹ پیراز سے متعلق اور ایکسلریٹڈ ایری گیشن بینی فٹس پروگرام( اے آئی بی پی ) پر غور و خوض ہوا ۔ چئیرمین نے اے آئی بی پی کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے منصوبہ بندی اور ترجیحات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سکیموں کی عمل آوری پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم پرسپیکٹو پلان کو ترتیب دے کر سکیموں کی عمل آوری مقرر شدہ رہنما خطوط کے مطابق انجام دیں ۔ پروجیکٹس کی تکمیل کو وقت پر یقینی بنانے اور منظور شدہ بجٹ کے تحت عمل میں لانے کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ تمام سکیموں کی بدولت متعلقہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جانا چاہئیے ۔ چئیر مین نے اس حقیقت پر زور دیا کہ تمام سکیموں کو منصوبہ بند طریقے سے ہاتھ میں لیکر تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی لفٹ آبپاشی سکیموں کو مکمل کر کے دستیاب وسائل کو ضایع ہونے سے روکا جانا چاہئیے ۔ میٹنگ میں ارکانِ قانون سازیہ اعجاز احمد خان ، مشتاق احمد شاہ ، ایم ایل سی غلام نبی مونگا اور فردوس احمد ٹاک موجود تھے ۔