عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ایک میٹنگ کل اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین شیام لال شرما نے کی۔ میٹنگ میں محکمہ خزانہ سے متعلق آڈِٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ٹول پوسٹ لکھن پور کی کمپیوٹرائزیشن، بینک اکاؤنٹس کے اِنتظام اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو دی گئی مالی امداد کی تقسیم جیسے اہم امور پر غوروخوض کیا گیا۔شیام لال شرما نے سرکاری اخراجات میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد حکومتی اخراجات کی جانچ، کوتاہیوں کی نشاندہی، ذمہ داری کا تعین اور اِصلاحی اقدامات کی سفارش کرنا ہے۔کمیٹی نے کچھ آڈِٹ پیراز کو خارج کرنے کا فیصلہ کیاجن میں بینک اکاؤنٹس کے انتظام سے متعلق پیرا 2.2.4 بھی شامل ہے تاہم اس پر تفصیلی ایکشن ٹیکن رپورٹ مقررہ وقت میں جمع کرنے کی ہدایت دی گئی۔چیئرمین نے کمیٹی کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سی اے جی (سی اے جی) کی آڈِٹ رپورٹس کا جائزہ لینا، عوامی اخراجات کی جانچ اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لئے اِصلاحات کی سفارشات پیش کرنا پی اے سی کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔