خزانے کو نقصان پہنچانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش
سرینگر//پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) نے کل اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی جس میں مکانات و شہرترقی محکمہ (ایچ یو ڈِی ڈِی ) سے متعلق مختلف آڈِٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کمیٹی کے چیئرمین شیام لال شرما کی صدارت میں منعقد ہوئی چیئرمین نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے عوامی پیسے کے اِستعمال میں شفافیت اور مؤثر طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پی اے سی کا مقصد حکومتی اَخراجات کی جانچ، کوتاہیوں کی نشاندہی، جوابدہی کو یقینی بنانا اور اِصلاحی اَقدامات کی سفارش کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جن اَفسران کی وجہ سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ہے، اُن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور سرکاری منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حائل رُکاوٹوں کو دُور کیا جانا چاہیے۔چیئرمین موصوف نے مزید کہا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد عوام کے پیسے کے خرچ پر مستقل نگرانی رکھنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو یہ اِختیار عوام نے دیا ہے تاکہ وہ نظام پر نظر رکھ سکیں اور جہاں بھی ضرورت ہو اِس کی اصلاح کے لئے اَقدامات کریں۔چیئرمین اور دیگر اراکین نے آڈِٹ پیراز پر کچھ غیر تسلی بخش جوابات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مکانات و شہرترقی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ دو ماہ کے اندر ایک جامع رپورٹ پیش کرے۔کمیٹی نے محکمہ سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی مختلف اثاثہ جات سے ریونیو جنریشن کے لئے ایک جامع پالیسی وضع کرے۔میٹنگ میں ممبران قانون ساز اسمبلی مبارک گل، نذیر احمد خان، قیصر جمشید لون، جاوید حسن بیگ، سجاد شاہین، مظفر اقبال خان اور الطاف احمد وانی نے شرکت کی۔ اِس کے علاوہ پرنسپل اکائونٹنٹ جنرل جموں و کشمیر، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ، ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس و خزانہ، وائس چیئرمین ایل سی ایم اے، وائس چیئرمین جے ڈی اے، ایس ڈی اے ، ایم ڈِی جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ، چیف ٹاؤن پلانر، چیف آرکیٹیکٹ جموں و کشمیراور دیگر متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ پی اے سی نے مکانات وشہری ترقی محکمہ( ایچ یو ڈِی ڈِی) سے متعلق آڈِٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا۔