عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //ضلع پونچھ پولیس نے ملی ٹینسی کی مالی معاونت اور ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے مینڈھر پولیس اسٹیشن میں درج کیس ایف آئی آر نمبر 177/2024 کے تحت ایک ملی ٹینسی کے ملزم کی غیر منقولہ جائیداد کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 (UAPA) کی دفعات 13، 18، 20 اور 38 کے تحت منسلک (ضبط) کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق، تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 17 کنال اور 2.5 مرلہ اراضی، جو گاؤں کلابان میں کھیوات نمبر 13 اور 19 کے تحت واقع ہے، کو یو اے پی اے ایکٹ کی دفعہ 25 کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ضبط کر لیا گیا ہے۔یہ جائیداد محمد جہانگیر ولد محمد حسین سکنہ گاؤں کالابن کی ملکیت بتائی گئی ہے، جو فی الحال پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) میں مقیم ہے اور ملی ٹینسی کے اس مقدمے میں مطلوب ملی ٹینٹ گرد قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کے سرکاری بیان کے مطابق، ضبط شدہ جائیداد کی قیمت 70 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس کے اس مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت سرحد پار اور اندرونِ جموں و کشمیر سرگرم ملی ٹینسی نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کی مہم جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد ان تمام افراد، تنظیموں اور اثاثوں کو نشانہ بنانا ہے جو کسی نہ کسی صورت میں ملی ٹینسی اور اس کی مالی معاونت سے وابستہ ہیں۔ضلع پولیس پونچھ کے ترجمان نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف ملی ٹینٹوں کے مالی ذرائع کو کمزور کیا جا رہا ہے بلکہ ان کے حامیوں اور معاونین کو بھی واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ ریاستی پولیس قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا فوکس اس بات پر ہے کہ ملی ٹینسی سے وابستہ تمام عناصر کی جائیدادوں اور مالی وسائل کو ضبط کر کے ملی ٹینسی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کیا جائے، تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے عناصر کے بارے میں کسی بھی قسم کی اطلاع فراہم کریں جو ملک دشمن سرگرمیوں یا ملی ٹینسی سے وابستہ ہوں، تاکہ جموں و کشمیر کو پْرامن اور محفوظ خطہ بنایا جا سکے۔