عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ نے پاکستان کے ساتھ کشیدگی اور پہلگام حملے پر ملک کی طرف سے جوابی کارروائی کی جاری تیاریوں کے درمیان پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔سمجھا جاتا ہے کہ میٹنگ کے دوران سنگھ نے وزیر اعظم کو تازہ ترین سیکورٹی صورتحال اور خاص طور پر مغربی سرحد پر فوجی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ کثیر محاذ کی مصروفیت کی صورت میں ردعمل اور بلا تعطل دفاعی سپلائی کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی بات چیت کے لئے سامنے آئے ہیں جو پی ایم مودی نے ایک ہفتہ کے دوران افواج کے سربراہوں اور عہدیداروں کے ساتھ کی ہے۔وزیر اعظم مودی کی اعلیٰ دفاعی عہدیدار کے ساتھ بات چیت ایک ایسے دن ہوئی جب روسی صدر ولادیمیر پوتن نے انہیں فون کیا اور پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کی “سخت مذمت” کی اور دہشت گردی کے خلاف جاری لڑائی میں ہندوستان کو “مکمل تعاون” کی پیشکش کی۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے جاپانی ہم منصب جنرل نکاتانی کے ساتھ بھی دو طرفہ بات چیت کی۔ ٹوکیو نے دہشت گردی سمیت علاقائی سلامتی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اتوار کو پی ایم مودی نے ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ سے ملاقات کی تھی، تینوں افواج کے سربراہوں کے ساتھ اپنی مصروفیات کو مکمل کرتے ہوئے ہفتہ کو بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے شمالی بحیرہ عرب کی صورتحال پر وزیر اعظم سے بات کی۔