رمیش کیسر
نوشہرہ//پاکستانی فوج نے نوشہرہ سیکٹر میں بھارتی چوکیوں اور رہائشی بستیوں کو نشانہ بناتے ہوئے منگل کی رات سے بدھ کی صبح تک شدید گولہ باری کی۔ گولہ باری میں بڑے اور چھوٹے ہتھیار استعمال کئے گئے، جس کا بھارتی فوج نے مؤثر جواب دیا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے یہ کارروائی بھارت کی جانب سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں نو دہشت گرد تربیتی مراکز پر کی گئی کارروائی کے بعد شروع ہوئی۔نوشہرہ کے سرحدی گاؤں مکڑی، شیر، اور نم کڑالی کے 34 باشندوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر کے بوائز ہائر سیکنڈری اسکول، نوشہرہ میں پناہ دی گئی ہے۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔بدھ کے روز علاقے کے اسکول، کالج بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک بھی غائب رہا۔ علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور لوگ گولہ باری کے ڈر سے گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے اے ڈی سی نوشہرہ، تحصیلدار نوشہرہ، اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عوام کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔