عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان کاملی ٹینسی کے خلاف مضبوط اور کوئی سمجھوتہ نہ کرنے والا موقف برقرارہے اور وہ ایسا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان نے فائرنگ اور فوجی کارروائی کو روکنے پر ایک مفاہمت پر کام کیا ہے۔ہندوستانی فوج نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ہر مہم جوئی اور مستقبل میں ہونے والی کشیدگی کا طاقت اور فیصلہ کن کارروائی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔یہ ریمارکس دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے سمجھوتہ کرنے کے فورا بعد سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی ملی ٹینسی کی کارروائی کو ‘جنگ’ تصور کیا جائے گا۔کموڈور راگھو نائر نے کہا کہ “جب کہ آج جو سمجھوتہ طے پایا ہے اس پر عمل کریں گے، ہم ہندوستان کی خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔”انہوں نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم قوم کے دفاع کے لیے جو بھی آپریشن درکار ہو، شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ہر مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور مستقبل میں ہونے والی ہر مہم جوئی فیصلہ کن ردعمل کی دعوت دے گی۔ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے کہا کہ بھارت کے ایس 400 میزائل بیس کو تباہ کرنے کا پاکستان کا دعوی سراسر غلط ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے غلط معلومات پھیلانے کی متعدد کوششیں کی گئیں۔سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو زمینی اور فضائی دونوں شعبوں میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔فوجی افسر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا براہموس کی تنصیب کو تباہ کرنے کا دعوی غلط ہے۔