جموں//جموں وکشمیرمیں لائن آف کنٹرول ،ورکنگ بائونڈری اوربین الااقوامی سرحدپربھارت اورپاکستان کی افواج اورنیم فوجی دستوں کے درمیان بدھ کورات دیرگئے فائرنگ کاتبادلہ شروع ہواجوکئی سیکٹروں میں رات بھرجاری رہا۔جموں میں تعینات دفاعی ترجمان کرنل منیش پانڈے نے سرحدی کشیدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان فوج اوررینجرس کے اہلکاروں نے سیزفائرکی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ ضلع میں ایل ائوسی کے نزدیک بھمبرگلی سیکٹرمیں بغیراشتعال سرحدپارسے بھارتی فوج کی دفاعی ونگرانی چوکیوں کونشانہ بنانے کیلئے گولی باری کے ساتھ ساتھ مارٹرشلنگ بھی کی ۔دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستانی فوج کی بلاجوازفائرنگ اورمارٹرشلنگ کابھارت کی فوج نے جواب دیاجسکے بعد طرفین کے مابین فائرنگ یاگولی باری کاتبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہاجسکے دوران ہندوپاک افواج کے اہلکاروں نے چھوٹے اورآٹومیٹک ہتھیاروں کااستعمال کیا۔کرنل منیش پانڈے نے بتایاکہ طرفین کے درمیان گولی باری کاتبادلہ جمعرات کوعلی الصبح 3بجکر30منٹ تک جاری رہارتاہم اسکے بعدگولی باری دونوں اطراف سے رُک گئی ۔انہوں نے مزیدبتایاکہ بدھ کے روزپاکستانی فوج نے ضلع راجوری میں تارکنڈی علاقہ میں حدمتارکہ پرقائم بھارتی فوج کی دفاعی چوکیوں کونشانہ بنانے کیلئے بھی گولی باری کی جبکہ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج اوررینجرس نے ضلع کٹھوعہ کے ہیرانگرسیکٹر میں بھی گولی باری اورمارٹرشلنگ کی ،اوراس دوران سرحدپارسے گولیوں کے25رائونڈفائرکرنے کے ساتھ ساتھ2مارٹرشیل بھی داغے گئے تاہم گولی باری اورمارٹرشلنگ سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔