جموں// جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن (جموں) نے ایک وکیل الطاف حسین جنجوعہ کے نام آئی سی سی چیمپیئنزٹرافی کے فائنل مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی شاندار جیت پر سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پر مبینہ طور پر ’پاکستان ٹیم حامی‘ پوسٹ تحریر کرنے پر وجہ بتاو¿ نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس میں ایڈوکیٹ الطاف کو فیس بک سے پوسٹ حذف (ڈیلیٹ) کرنے یا دوسری صورت میں یہ وجہ بتانے کے لئے طلب کیا ہے کہ ’کیوں نہ آپ کو بار ایسوسی ایشن کی بنیادی ممبرشپ سے بے دخل کیا جائے‘۔ الطاف حسین جنجوعہ جو کہ وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک صحافی بھی ہیں، نے یو این آئی کو بتایا کہ انہیں بار ایسوسی ایشن کا نوٹس فیس بک سے پوسٹ حذب کرنے کے ایک روز بعد ملا ہے۔ انہوں نے بتایا ’مجھے بے وجہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ شاید میرا مسلمان ہونا اس کی وجہ ہے۔ میں نے کوئی ملک مخالف پوسٹ تحریر نہیں کیا تھا‘۔ یہ پوچھے جانے پر کہ ’وجہ بتاو¿ نوٹس‘ کا وجہ بننے والے پوسٹ میں آپ نے کیا لکھا تھا تو ایڈوکیٹ الطاف نے بتایا’میں نے صرف اتنا لکھا تھا کہ یہ جیت ایک سرجیکل سٹرائیک جیسی ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’میںنے اگلے ہی دن اپنے فیس بک پوسٹ کو حذف کرلیا کیونکہ بعض لوگوں نے اسے منفی انداز سے لینا شروع کردیا تھا‘۔ ایڈوکیٹ الطاف حسین نے بتایا کہ انہیں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کا نوٹس فیس بک سے پوسٹ حذف کرنے کے ایک دن بعد ملا ہے۔ انہوں نے بتایا ’اگرچہ پوسٹ حذف کرنے کے بعد میرا جواب دینا ضروری نہیں ہے، لیکن باوجود اس کے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اپنا جواب بار ایسوسی ایشن کو ارسال کروں گا‘۔ ضلع پونچھ کے تحصیل سرنکوٹ کا رہنے والا ایڈوکیٹ الطاف حسین بار ایسوسی ایشن جموں کا ایک مستقل رکن ہے۔ 18 جون کو چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل مقابلے میں پاکستان کی ہندوستان پر 180 رنزسے جیت کے ساتھ ہی الطاف حسین نے اپنے فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا ’یہ تو ایک سرجیکل سٹرائیک ہے‘۔ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے ایڈوکیٹ الطاف کو بھیجے گئے وجہ بتاو¿ نوٹس میں کہا گیا ہے ’18 جون کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ مقابلے کے بعد آپ نے فیس بک پر ایک پوسٹ تحریر کیا، جو آپ کی ملک مخالف ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ آپ کے پوسٹ کا معنی جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن جموں کے مفادات کے لئے نقصان دہ ہے۔ ایسوسی ایشن کے اراکین نے آپ کے پوسٹ پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ آپ کا پوسٹ آئین کی روح اور جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کے بنیادی تانے بانے کے خلاف ہے‘۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے ’آپ کو اس نوٹس کے ذریعہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ اپنے پوسٹ کو فوری طور پر ہٹادیجئے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں آپ کو یہ وجہ پوچھنے کے لئے طلب کیا جارہا ہے کہ ’کیوں نہ آپ کو بار ایسوسی ایشن کی بنیادی ممبرشپ سے بے دخل کیا جائے‘۔ بار ایسوسی ایشن جموں کی طرف سے ایڈوکیٹ الطاف کو بھیجا گیا نوٹس سوشل میڈیا کی ویب سائٹس بالخصوص فیس بک پر وائرل ہوگیا ہے جہاں بیشتر فیس بک صارفین ایڈوکیٹ الطاف کی حمایت میں نظر آرہے ہیں۔