عظمیٰ نیوزڈیسک
کپورتھلا// پنجاب کے کپورتھلا میں پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں تین لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمین دفاعی علاقوں کی تصاویر اور خفیہ جانکاری پاکستان بھیج رہے تھے۔ ملزم سے چھ موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں جو کپورتھلا کے آرمی ایریا کی خفیہ جانکاری پاکستان بھیجنے کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔ ایس پی (ڈی) پربھجوت سنگھ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کے کلیدی ملزم جس کا پاکستان سے براہ راست تعلق ہے، کو فیروز پور میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان سے سنجیدگی سے پوچھ گچھ جاری ہے اور کئی دیگر افراد کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ یہ ایک بڑا نیٹ ورک ہے۔ کلیدی ملزم کو آج عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کپورتھلا ضلع پولیس نے کنجلی کے قریب کپورتھلا کے رہنے والے ایک نوجوان راجہ کو گرفتار کیا تھا۔ وہ فوج کے علاقے میں صفائی ورکر کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے فوجی علاقے کی تصاویر اور خفیہ دستاویزات پاکستان بھیجی تھیں۔ اس کے بعد ملزم راجہ کے خلاف تھانہ کوتوالی میں ایف آئی آر درج کر کے تین روزہ پولیس ریمانڈ لیا گیا۔ راجہ سے پوچھ گچھ کے بعد ایک اور ملزم جسکرن سنگھ ساکن دھرم کوٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس سے پوچھ گچھ کے بعد کلیدی ملزم گرنام سنگھ ساکن فیروز پور کو گرفتار کر کے اس کا دو روزہ ریمانڈ حاصل کر کے اس سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کے بعد کلیدی ملزم گرنام سنگھ ساکن فیروز پور کو گرفتار کر لیا گیا۔ایس پی پربھجوت سنگھ نے بتایا کہ مذکورہ تینوں ملزمان سے چھ موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں، جس کے ذریعے وہ فوج کے علاقے کی تصاویر اور خفیہ دستاویزات پاکستان بھیجتے تھے۔